سی بی آئی تنازعہ: استھانا کی عرضی پر ورما نے داخل کیا حلف نامہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-November-2018

نئی دہلی،(سید شمیم احمد):سی بی آئی کے اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانہ کی اپنے خلاف درج ایف آئی آر منسوخ کرنے اور کوئی بھی امتناعی کارروائی کرنے پر روک لگانے کا مطالبہ کرنے والی درخواست پر سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما نے دہلی ہائی کورٹ میں حلف نامہ دائر کیا ہے۔ آلوک ورما نے حلف نامہ میں کہا ہے کہ استھانہ کے خلاف لگے الزامات انتہائی سنگین ہیں۔استھانہ کی عرضی کو مسترد کیا جائے اور سی بی آئی کو بدعنوانی کے کیس کی جانچ پڑتال کرنے دی جائے، جس سے سچائی سامنے آ سکے۔ راکیش استھانہ کی درخواست پر ہائی کورٹ آج (جمعہ) دوپہر سوا دو بجے سے سماعت شروع کرے گا۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ 28 نومبر کو دہلی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کے ڈائریکٹر آلوک ورما اور جوائنٹ ڈائریکٹر اے کے شرما کو سی وی سی میں اسپیشل ڈائریکٹر راکیش استھانہ کے خلاف دائر ایف آئی آر کی کیس ڈائری کا معائنہ کرنے کی اجازت دی تھی۔ کورٹ نے کہا تھا کہ کیس ڈائری کے معائنے کے دوران سی بی آئی کے ایس پی ستیش ڈاگر وہاں موجود رہیں گے۔ کورٹ نے راکیش استھانہ کے خلاف کسی بھی کارروائی پر لگی روک کو آج تک کے لئے بڑھا دیا تھا۔ سماعت کے دوران جوائنٹ ڈائریکٹر اے کے شرما نے راکیش استھانہ کے کیس سے متعلق ثبوت اور دستاویزات سیل بند لفافے میں ہائی کورٹ کے سپرد کیا۔ 19 نومبر کو ہائی کورٹ نے اس معاملے پر تفصیل سے سماعت نہیں کی تھی کیونکہ راکیش استھانہ اور ڈی ایس پی دیویندر کمار کی ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست کی کاپی سی بی آئی ڈائریکٹر آلوک ورما کو نہیں مل پائی تھی۔گزشتہ یکم نومبر کو سی بی آئی نے جواب داخل کرکے راکیش استھانہ کی جانب سے ایف آئی آر منسوخ کرنے کی درخواست کی مخالفت کی تھی۔سی بی آئی نے اپنے جوابی حلف نامے میں کہا تھا کہ استھانہ اور دیگر لوگوں کے خلاف رشوت خوری کے الزامات میں درج ایف آئی آر سنگین جرم کو ظاہر کرتی ہے۔ سی بی آئی نے کہا کہ استھانہ کے خلاف تحقیقات اب ابتدائی مرحلے میں ہے۔ مختلف دستاویزات اور دیگر لوگوں کے کردار کی تحقیقات کی جا رہی ہے۔