مولانا اسرار الحق کے انتقال سے سیمانچل کی سیاست میں خلا : اشفاق رحمن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 08-November-2018

پٹنہ(اسٹاف رپورٹر) جنتا دل راشٹر وادی نے کشن گنج کے موجودہ رکن پار لیمنٹ کے انتقال پر گہرے صدمہ کا اظہار کیا ہے۔ جے ڈی آر کے قومی کنو ینر اشفاق رحمن نے تعز یعتی بیان میں کہا ہے کہ حضرت مولانا اسرار الحق قاسمی کی وفات ملت کے لئے ایک عظیم خسارہ ہے۔ مولانا ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے۔ مختلف محاذوں سے قوم و ملت کی خدمت انجام دے رہے تھے۔ انہوں نے ملی کاموں کے لئے اور مسلمانوں میں تعلیمی شعور پیدا کرنے کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کر دی تھی۔ ملت ان کے احسانات کو بھلا نہیں سکتی۔ جمعیت علماء ہند، آل انڈیا ملی کونسل اور دینی تعلیمی بورڈ کے پلیٹ فارم سے انہوں نے قوم و ملت کو جو کچھ دیا تاریخ کے روشن اور زریں صفحات میں اس کو رقم کیا جائے گا۔ سیاست کے میدان میں بھی انہوں نے اپنی ایک پہچان بنائی اور پارلیمنٹ میں بھی حق گوئی کے ساتھ ملت کے مسائل کو اٹھاتے رہے۔ ان کے اچانک انتقال سے سیما نچل کی سیاست میں ایک خلاء پیدا ہو گیا ہے۔ اس خلاء کو بھرنا تو مشکل ہے مگر مولانا موصوف کی سیاسی راہ کو معدوم ہونے سے بچانے کے لئے اپنی سیاست اور اپنی قیادت کے جذبہ کے ساتھ لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔ یہی مولانا کی سچی خراج عقیدت ہوگا۔