پائلٹ نے انتخابی جیت کو راہل کیلئے تحفہ قرار دیا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-November-2018

نئی دہلی،(یو این آئی) راجستھان اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کے ابتدائی رجحانات میں کانگریس کو مل رہی سبقت سے پرجوش پارٹی کے ریاستی صدر سچن پائلٹ نے کہا کہ ریاست میں ان کی پارٹی کو یقینی طور پر جیت حاصل ہو گی اور یہ پارٹی صدر راہل گاندھی کے لئے ایک بہترین تحفہ ہوگا۔ انتخابی رجحانات کے بارے میں مسٹر پائلٹ سےان کی رائے پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ ریاست کی 200 سیٹوں میں کانگریس کو یقینی طور پر اکثریت حاصل ہو گی اور پارٹی برسراقتدار آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام نے بی جے پی کو ا س کے کئے کی سزا دی ہے۔کانگریس پارٹی گزشتہ اسمبلی انتخابات میں صرف 21 سیٹوں پر سمٹ گئی تھی، وہ اس الیکشن میں اکثریت کے جادوئی اعداد و شمار حاصل کرکے اقتدار میں آئے گی۔ وزیر اعلی بنائے جانے کے سوال پر مسٹر پائلٹ نے کہا کہ انتخابی نتائج آنے کے بعد پارٹی اراکین اور پارٹی قیادت اس کا فیصلہ کرے گی۔اس دوران پارٹی کے جنرل سکریٹری راجستھان کے سابق وزیر اعلی اشوک گہلوت نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیر اعلی کا فیصلہ پارٹی قیادت کے ذریعہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ اب تک ملے رجحانات میں کانگریس 95 سیٹوں اور بی جے پی 80 سیٹوں پر برتری بنائے ہوئے ہے۔