پانچ ریاستوں میں کس کا راج ؟ فیصلہ آج

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-November-2018

نئی دہلی، (یو این آئی) آئندہ لوک سبھا انتخابات کیلئے سیمی فائنل کا درجہ رکھنے والے 5ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی منگل کی صبح 8 بجے سے شروع ہوگی اور دوپہر بعدتک یہ صاف ہو جائے گا کہ عوام بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگریس میں سے کس کے ساتھ ہیں۔ مدھیہ پردیش، راجستھان، تلنگانہ،چھتیس گڑھ اور میزورم میںکس کی حکومت قائم ہوگی۔مدھیہ پردیش، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں فی الحال بی جے پی کی حکومت ہے۔ تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹریہ سمیتی اور میزورم میں کانگریس برسراقتدارہے۔ راجستھان اور تلنگانہ میں سب سے آخر ی مرحلے میں گزشتہ جمعہ کو پولنگ ہوئی تھی جبکہ تین ریاستوں میں اس سے پہلے ہی الیکشن کرا لئے گئے تھے۔ بی جے پی حکومت والی ریاستوں کے وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان، وسندھراراجے سندھیا اور ڈاکٹر رمن سنگھ کی ساکھ داؤ ںپر ہے۔ تلنگانہ میں کے چندر شیکھر راؤ نگراں وزیر اعلی ہیں جبکہ میزورم کی باگ ڈور مسٹر ایل للتھن ہولا کے ہاتھوں میں ہے۔ انتخابات مکمل ہونے کے بعد مختلف ٹی وی چینلوں اور سروے ایجنسیوں کے ایگزٹ پول کے مطابق راجستھان میں کانگریس کی واپسی کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں بی جے پی کا پلڑا بھاری دکھایا گیا ہے لیکن کانگریس ان دونوں ریاستوں میں بھی سخت مقابلے میں ہے۔ تلنگانہ میں تلنگانہ راشٹر سمیتی (ٹی آر ایس) کو واضح اکثریت حاصل ہونے کی امید ہے جبکہ میزورم میں کسی بھی پارٹی کو واضح اکثریت ملتی نظر نہیں آرہی ہے۔نیوز چینل ٹائمس ناؤ کے سروے میں راجستھان اسمبلی کی 199 سیٹوں میں سے کانگریس کو 105 سیٹیں ملنے کا اندازہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ بی جے پی کو 85 سیٹیں ملنے کے آثار ہیں۔ نیوز 24 کے مطابق راجستھان میں کانگریس کو 110 سے 120 سیٹیں ملنے کا اندازہ ہے جبکہ بی جے پی کو 70 سے 80 کے درمیان اور دیگر پارٹیوں کو پانچ سے 15 کے درمیان سیٹیں مل سکتی ہیں۔ زی نیوز نے بھی راجستھان میں کانگریس کی جیت کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ انڈیا ٹو-ڈے کے ایگزٹ پول میں 230 رکنی مدھیہ پردیش اسمبلی میں اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس کی بی جے پی پر ہلکی برتری کے آثار ظاہرکئے گئے ہیں۔ کانگریس کو 104-122 نشستیں ملنے کا اندازہ ہے جبکہ بی جے پی کو 102-122 نشستیں ملنے کی امید ہے۔ دوسری طرف نیوز 24 کے سروے میں کانگریس کو 110 سے 120 سیٹوں پر جبکہ بی جے پی کو 98 سے 108 سیٹوں پر آگے دکھایا گیا ہے۔ ٹائمز ناؤ نے بی جے پی کو 126 نشستیں دے کر وزیر اعلی شیوراج سنگھ چوہان کی چوتھی بار اقتدار میں واپسی کا اشارہ دیا ہے جبکہ اس نے کانگریس کو 89 سیٹیں دی ہیں۔ اس کے مطابق بی ایس پی کو چھ اور دیگر کو نو نشستیں ملنے کا امکان ہے۔