پرتھ ٹیسٹ میں ٹم پین کا کھیلنا مشکوک : لینگر

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-November-2018

کینبرا، (یو این آئی ) ہندوستان کے خلاف پہلا ایڈیلیڈ ٹیسٹ ہارنے کے بعد آسٹریلوی کرکٹ ٹیم اب 14 دسمبر سے پرتھ میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ سے واپسی کرنے کی تیاری میں مصروف ہے جس کی قیادت کیپٹن ٹم پین کے ہاتھوں میں ہی رہے گی۔ پین کا چوٹ کی وجہ سے پہلے کھیلنا مشتبہ لگ رہا تھا۔آسٹریلوی ٹیم کے کوچ جسٹن لینگر نے منگل کو کہا کہ پین کی موجودگی ٹیم کیلئے حوصلہ بڑھانے والی ہے۔ ہندستان سے پہلا میچ 31 رن سے ہارنے کے بعد میزبان ٹیم چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 سے پچھڑ گئی ہے۔ کرکٹ آسٹریليا (سی اے) کے مطابق لینگر نے اعلان کیا ہے کہ کپتان پین ہی پرتھ ٹیسٹ میں ٹیم کی قیادت کریں گے۔ پین کا چوٹ کی وجہ سے پرتھ میں کھیلنا مشتبہ مانا جا رہا تھا۔ایڈیلیڈ اوول میں میچ کے دوران پین کی انگلی میں چوٹ لگ گئی تھی۔ آسٹریلوی کپتان پہلے بھی اس انگلی میں چوٹ لگا چکے ہیں جس کے لئے انہیں سات برسوں میں سات بار آپریشن بھی کرانا پڑا ہے۔ ٹیم کے کوچ لینگر نے قیاس آرائی پر روک لگاتے ہوئے واضح کر دیا ہے کہ پین پرتھ میچ میں یقینی طور پر کھیلنے اتریں گے۔سی اے کی سرکاری ویب سائٹ پر دیئے انٹرویو میں لینگر نے کپتان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں جن لوگوں سے اب تک ملا ہوں ان میں پین ایک انتہائی مضبوط کھلاڑی ہیں۔ اگر ہمیں چار مقامات کو لے کر بھی جدوجہد کرنی ہو تب بھی وہ اس میں شامل ہوں گے۔ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔کوچ نے کہاکہ میں مانتا ہوں کہ انہیں کچھ مسائل ہیں لیکن میچ سے پہلے وہ 100 فیصد ٹھیک ہوں گے۔ سابق آسٹریلوی اوپنر لینگر نے ساتھ ہی پہلے ٹسٹ میں ہارنے کے باوجود اپنی ٹیم کے لڑنے کے جذبے کی تعریف کی لیکن مانا کہ بلے بازوں کو بڑی شراکت داری کی ضرورت ہے۔ اس دوران آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے بلے باز عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ ہندستان کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم مکمل طور پر فٹ اور متحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ میں کم بیک کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ اپنے ایک بیان میں عثمان خواجہ نے کہا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، ہندستان نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ ہم سے اچھا کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔انہوں نے کہاکہ اس شکست کے باوجود ٹیم کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔