پی ایم مودی آج پارٹنرفورم 2018 کا افتتاح کریں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-November-2018

نئی دہلی (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کے روز نئی دلی میں پارٹنر فورم کے چوتھے اجلاس کا افتتاح کریں گے۔حکومت ہند کی جانب سے 12 اور13دسمبر 2018 کو پارٹنر شپ فار میٹرنل ،نیو بارن اینڈ چائلڈ ہیلتھ (پی ایم این سی ایچ ) کے اشتراک سے ایک دوروزہ بین الاقوامی کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔اس کانفرنس میں خواتین ،بچوں اور نوخیز بچوں کی صحت اورتندرستی میں بہتری کے طریقو ں کی تلاش وجستجو اور گفتگو کے لئے دنیا کے 85 ملکوں کے 1500شرکا شرکت کریں گے ۔کانفرنس میں مدعو ممالک کا انتخاب سبھی خطوں سے اور آمدنی کی سطحوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے ، جن میں وہ ملک بھی شامل ہیں ، جو جی -7 ،جی -20 اوربرکس (بی آر آئی سی ایس ) جیسے کلیدی عالمی اورعلاقائی اداروں کی قیادت کررہے ہیں۔ یہ مسلسل چوتھا اعلیٰ سطحی عالمی اجتماع ہے ۔ جس میں دنیا کے مختلف ممالک اور مختلف دعوے دار شرکت کررہے ہیں اوراس کے اہتمام کا مقصد خواتین ،بچوں اور نوخیز بچوں کی صحت سے متعلق مسائل کے پائیدار عالمی تدارک کا اہتمام کرنا ہے ۔ پارٹنرس فورم ابتدائی طور پر پارٹنر شپ فار میٹرنل نیو بارن اینڈ چائلڈ ہیلتھ ( پی ایم این سی ایچ ) کے ایک وفدنے 11 اپریل 2018 کو اس فورم کے تعارفی خاکے کی پیش کش کے دوران وزیراعظم سے ملاقات کی تھی۔ اس وفد میں مرکزی وزیر صحت وخاندانی بہبود جے پی نڈا ،چلی کے سابق صدر مشیل بیشلٹ ،پی ایم سی ایچ کی سابق بورڈ چیئر مین ،معروف اداکارہ اور یونیسیف (یواین آئی سی ای ایف )کی خیر سگالی سفیر پرینکا چوپڑہ شامل تھیں۔ اس ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے انتہائی کشادہ دلی کے ساتھ پی ایم این سی ایچ فورم کی سرپرستی قبول کرلی ۔