کشواہا کی این ڈی اے سے علاحدگی کا خیرمقدم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-November-2018

نئی دہلی، (یو این آئی) ترقی انسانی وسائل کے مرکزی وزیر مملکت اور راشٹریہ لوک سمتا پارٹی کے سربراہ اوپیندر سنگھ کشواہا کے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) سے الگ ہونے کے فیصلے کا کانگریس نے آج خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں مبارکباد دی۔ کانگریس کی میڈیا سیل کے سربراہ رنديپ سنگھ سورجےوالا نے ٹویٹ کیا کہ ” بی جے پی اور نتیش کمار کی طرف سے کسانوں، نوجوانوں، خواتین اور بہار کے عوام کی نظر انداز ی اور غریبوں کے ظلم و ستم سے پریشان مسٹر اوپیندر کشواہا جی نے بھی مودی جی کو مسترد کرکے این ڈی اے سے علاحدہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اقتدار کے قابضین کو سچ بتانے کے لئے کشواہا جی کو مبارکباد! آئیے، ایک نئے ہندوستان کی تعمیر کریں”۔ واضح رہے کہ عام انتخابات کے لئے بہار میں سیٹوں کے بٹوارے پر ناراض چلنے والے مسٹر کشواہا نے پانچ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات کے نتائج آنے سے ایک دن پہلے مرکز کی مخلوط حکومت سے باہر ہوکر این ڈی اے کو سخت جھٹکا دیا ہے۔ مسٹر کشواہا نے مرکزی کابینہ کے ساتھ ہی این ڈی اے سے بھی استعفی دے دیا ہے۔