کھیل

عالمی کپ میں دھونی ہوں گے مرکزی کردار:شرما

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-January-2019

سڈنی۔ (یو این آئی ) ہندوستانی محدود اوور فارمیٹ ٹیم کے نائب کپتان روہت شرما نے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انگلینڈ میں اس سال ہونے والے آئی سی سی ورلڈ کپ میں ٹیم کے لئے ان کا تجربہ اہم کردار ادا کرے گا۔37 سال کے دھونی آسٹریلیا کے خلاف 12 جنوری سے شروع ہونے والی محدود اوور سیریز کے لیے ہندستانی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ اگرچہ اس وقت وہ خراب فارم سے گزر رہے ہیں جس سے ٹیم میں ان کے کردار کو لے کر سوال اٹھنے لگے ہیں۔ لیکن روہت نے دھونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کا تجربہ ٹیم کے لئے انتہائی خاص ہے۔اپنی بیٹی کی پیدائش کے بعد آسٹریلیا واپس جانے والے روہت نے یہاں پریس کانفرنس میں کہاکہ گزشتہ چند برسوں میں ہمیں اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ ڈریسنگ روم میں اور میدان پر ان کی موجودگی کے کیا معنی ہیں۔ جب وہ ٹیم میں ہوتے ہیں تو ایک مختلف قسم کا ماحول ٹیم میں ہوتا ہے جو بہت ضروری ہے۔ ان کے ہونے سے کپتان کو بھی مدد ملتی ہے کیونکہ وہ اسٹمپس کے پیچھے کھڑے رہتے ہیں۔روہت نے دھونی کے تجربے کو اہم بتاتے ہوئے کہاکہ دھونی نے کئی بار ہندستانی ٹیم کی کپتانی کی ہے اور کامیاب بھی رہے ہیں۔ ان کی ٹیم کے ساتھ موجودگی ہی ہمارے لیے سب سے اہم ہے کیونکہ ان کے پاس بے پناہ تجربہ ہے۔

About the author

Taasir Newspaper