سیاست سیاست

قومی سطح پر بی جے پی مخالف محاذ کیلئے نائیڈو کی کوششیں تیز

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-January-2019

حیدرآباد(یواین آئی) آندھراپردیش کے وزیراعلی و تلگودیشم پارٹی کے قومی صدر این چندرابابونائیڈو نے مخالف بی جے پی جماعتوں کو متحد کرنے کی اپنی کوششوں میں شدت پیداکردی ہے۔گزشتہ منگل کو انہوں نے قومی دارالحکومت نئی دہلی میں کئی قومی لیڈران سے ملاقات کرتے ہوئے مخالف بی جے پی جماعتوں کے اتحاد کے سلسلہ میں اختیارکی جانے والی حکمت عملی پر تفصیلی طورپر تبادلہ خیال کیا تھا۔اب ان جماعتوں نے مغربی بنگال کی وزیراعلی و ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی جانب سے 19جنوری کو کولکتہ میں منعقد کی جانے والی بھاری ریلی میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے ۔اس ریلی میں تمام مخالف بی جے پی جماعتوں کے لیڈران کی شرکت متوقع ہے جہاں سمجھاجاتا ہے کہ یہ جماعتیں اپنے اتحاد کا مظاہرہ کریں گی اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی طورپران جماعتوں کے اہم لیڈروں میں تبادلہ خیال کیاجائے گا۔چندرابابونائیڈو کاماننا ہے کہ مخالف بی جے پی جماعتوں کا اتحاد ایک جمہوری مجبوری ہے۔ملک کو بچانے کے لئے یہ اتحاد ضروری ہے۔ان کا یہ بھی ماننا ہے کہ بی جے پی نے دستوری اداروں کا غلط استعمال کیاہے۔ فروری میں امکان ہے کہ انتخابی بگل ملک میں بج جائے گا ۔سمجھا جاتا ہے کہ چندرابابونائیڈو اس سے قبل اس محاذ کے قیام او راس میں شامل جماعتوں میں تال میل پیداکرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔ممتابنرجی کی ریلی کے بعد فروری میں اے پی کے نئے دارالحکومت امراوتی میں بھی بڑے پیمانہ پر ریلی منعقد کی جائے گی جس میں مخالف بی جے پی جماعتوں کے لیڈران کو مدعو کیاجائے گا۔

About the author

Taasir Newspaper