اتراکھنڈ اننگز سے جیت کر ناک آوٹ میں

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-January-2019

دہرادون، (یواین آئی) کپتان رجت بھاٹیا (17 رن پر 4 وکٹ) اور مینک مشرا (29 رن پر تین وکٹ) کی خطرناک گیند بازی سے اتراکھنڈ نے میزورم کو تیسرے ہی دن بدھ کو 123 پر سمیٹ کر اننگز اور 56 رنز سے جیت حاصل کرتے ہوئے رنجی ٹرافی کے پلیٹ گروپ سے ناک آؤٹ راؤنڈ میں جگہ بنا لی۔اتراکھنڈ نے پہلی اننگز میں سوربھ راوت کے 102 رنز کی مدد سے 377 رن بنائے تھے۔ اس کے جواب میں میزورم کی ٹیم پہلی اننگز میں 198 رن پر سمٹ گئی اور اسے فالوآن کرنا پڑا۔ میزورم دوسری اننگز میں 123 رن پر سمٹ گئی اور اسے اننگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ میزورم کے لیے تروور کوہلی نے یکطرفہ جدوجہد کرتے ہوئے ناٹ آوٹ 68 رنز بنائے۔رجت بھاٹیا نے 17 رن پر چار وکٹ، مینک مشرا نے 29 رن پر تین وکٹ اور سنی رانا نے 14 رن پر دو وکٹ لئے۔ اتراکھنڈ کی آٹھ میچوں میں یہ چھٹی جیت رہی اور اس نے 44 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ میں جگہ بنا لی۔ پلیٹ گروپ سے چوٹی ٹیم کو ناک آؤٹ کوارٹر فائنل میں پہنچنا ہے۔