آبادی کے مطابق ریزرویشن کانظم ہو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 25-January-2019

پٹنہ (اسٹاف رپورٹر): جنتا دل یو کے سربراہ اور بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریزرویشن کی حد بڑھانے کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے صاف طور پر کہا ہے کہ آخر کب تک ریزرویشن محدود رہے گا۔ آبادی کے تناسب میں ہر ذات کو ریزرویشن کا فائدہ ملنا چاہئے۔ اس کیلئے ضروری ہے کہ 2021 کی مردم شماری ذات کی بنیاد پر کرائی جائے۔ 2011 کے سماجی ،اقتصادی اور ذات پرمبنی مردم شماری کے سلسلے میں نتیش نے کہا کہ اس سروے کے آنکڑے صحیح نہیں ہے۔ اس لئے اسے آج تک شائع نہیں کیا گیا۔ سرے کی ضرورت بھی نہیں ہے۔ ذات پر مبنی مردم شماری ہوجانے سے کس ذات کے لوگوں کی کتنی تعداد ہے یہ بات صاف ہوجائے گی، اس کے بعد آئین میں ترمیم کرکے آبادی میں کے تناسب میں ریزرویشن کانظم کیا جانا چاہئے۔ تاکہ جس کی جتنی آبادی ہے اس کو اس کے مطابق ریزرویشن کا فائدہ حاصل ہوسکے۔ وزیراعلیٰ جمعرات کو جنتا دل یو کی انتہائی پسماندہ سیل کے زیر اہتمام راجدھانی کے کرشن میموریل ہال میں منعقد کرپوری جینتی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بہار کی طرز پر مرکز میں بھی پسماندہ طبقے کو دو زمرے میں بانٹ کر ریزرویشن دیا جانا چاہئے۔ انہوں نے نام لئے بغیر آرجے ڈی سربراہ لالو پرساد پر نشانہ سادھا اور کہا کہ 1993 میں بہار سرکار نے انتہائی پسماندہ کے ریزرویشن کو ختم کر کے صرف پسماندہ طبقہ کے ریزرویشن کا نظم کرنا چاہتی تھی۔ میں نے اس کی مخالفت کی اور اسے ہونے نہیں دیا۔ اس کے بعد میرے خلاف جلوس نکالنے کی کوشش کی۔ میں نے کبھی ایس سی ،ایس ٹی، پسماندہ اور انتہائی پسماندہ، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے مخالفین کو نشانہبناتے ہوئے کہا کہ سماج میں نفرت پھیلانے اور بدامنی پیدا کرنے والوں کو آپ لوگ کرارا جواب دیں۔ سوشل میڈیا پر سماجی منافرت پیدا کرنے کیلئے طرح طرح کی باتیں پھیلائی جاتی ہیں۔ آپ لوگ سوشل میڈیا پر مثبت باتیں پھیلائیں، جس سے امن اور بھائی چارہ کا ماحول بنے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انتہائی پسماندہ سماج کو الگ الگ ذات میں بٹ کر نہیں بلکہ متحد ہوکر رہنا چاہئے۔ آج آپ لوگوں کو جو سمان ملا ہے اس سے سمجھوتہ نہیں کیجئے گا۔ لوگ صرف اقتدار کیلئے طرح طرح کی باتیں کرتے ہیں۔ آپ سبھی مل کر مکان بنائیے گا تو وہ کثیر منزلہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریزرویشن کا فائدہ اٹھانے کیلئے ضروری ہے کہ آپ اپنے اندر صلاحیت پیدا کریں، اپنے بیٹے بیٹیوں کو خوب پڑھائیں۔ اعلیٰ ذات کے غریبوں کو 10 فیصد ریزرویشن مرکز نے دیا ہے، اسے بہار میں بھی نافذ کیا جائے گا۔ اس سے ایس سی ،ایس ٹی اور پسماندہ طبقہ کے ریزرویشن میں کوئی مداخلت نہیں ہوگی۔ اعلیٰ ذات کے غریبوں کو الگ سے دس فیصد ریزرویشن دیا جائے گا۔ اس معاملے میں اگر کوئی غلط فہمی پھیلانے کی کوشش کرے تو اس کے چکر میں آپ لوگ نہ پڑیں۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ کرپوری ٹھاکر 64 سال کی عمر میں ہی دنیا سے چلے گئے، ورنہ وہ ملک کے وزیراعظم ہوتے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2009 سے لگاتار بہار کی شرح ترقی 2 ہندسے میں رہی ہے۔ اس بار جو رپورٹ آئی ہے اس کے مطابق بہار کی شرح ترقی 11.3 فیصد ہے۔ ایک وقت تھا جب بہاری باہر میں اپنی شناخت چھپاتے تھے، آج وہ شان سے بولتے ہیں کہ میں بہاری ہوں۔ دہلی کی حکومت بھی بہاریوں کے ووٹ سے بنی ہے۔