آسام معاہدےکے مؤثرنفاذ کیلئے کمیٹی کی تشکیل کا نوٹی فیکیشن جاری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 07-January-2019

نئی دہلی، (یو این آئی) حکومت نے آسام معاہدے کو مؤثر طریقے سے لاگو کرنے کے اقدامات تجویز کرنے کے لئے ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ مرکزی وزارت داخلہ جمعہ کو یہاں جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کے چیرمین سابق آئی اے ایس افسر ایم پی بیج بروا ہوں گے ۔کمیٹی کے دیگر ارکان میں سابق آئی اے ایس افسر سبھاش داس ، آسام ساہتیہ سبھا کے سابق صدر ڈاکٹر ناگین سائيکيا، اخبار دی سیٹینل کے سابق ایڈیٹر دھيرین بیج بروا،ماہر تعلیم ڈاکٹر مکن راج بنشي، آسام کے ایڈووکٹ کے جنرل رمیش بورپترگوکین، آسام ساہتیہ سبھا کے سابق صدر رونگ بونگ تیرانگ اور آل آسام اسٹوڈنٹس یونین کا ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ، مرکزی وزارت داخلہ کے ایک جوائنٹ سکریٹری سطح افسر کمیٹی میں رکن سکریٹری ہوں گے۔آسام حکومت کمیٹی کو ضروری انتظامی اور دیگر تعاون فراہم کرے گی۔ مرکزی کابینہ کا اجلاس بدھ کو وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں ہونے والی میٹنگ اس سے متعلق تجویز منظور کی گئی تھی۔حکومت نے آسام سمجھوتے کے مؤثر نفاذ کا فیصلہ کیا ہے۔ اعلی سطحی کمیٹی اس معاہدے کے آرٹیکل 6 کا مکمل طور جائزہ لے گی اور اپنی چھ ماہ کے اندر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی 1985 کے بعد سے آسام معاہدے کے آرٹیکل 6 کے نفاذ پر نظر ثانی کرے گی۔ کمیٹی سماجی اداروں، قانون اور آئینی ماہرین، آرٹ، ثقافت اور ادب کے مشہور افراد، ماہرین ماحولیات ،ماہر اقتصادیات، ماہر لسانیات اور سماجی سائنسدانوں سے بات چیت کرے گی۔ کمیٹی آسام اسمبلی اور مقامی خود مختار اکائی میں آسام کے اصلی باشندوں کے ریزرویشن کا بھی جائزہ لے گی۔کمیٹی آسامی زبان اور دیگر مقامی زبانوں کی حفاظت کے لئے اقدامات کی تجویز پیش کرے گی ۔ آسام اور حکومت کی ملازمتوں میں، آسامی لوگوں کو ریزرویشن دینے کی سفارش کرے گی۔ یہ آسامی ثقافت کے تحفظ اور فروغ کے لئے اقدامات کی تجویز بھی پیش کرے گی۔