بھارت بند کے دوسرے دن ‘کرناٹک میںتشدد، بسوں پر سنگباری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-January-2019

بنگالورو (یواین آئی) بیشتر ٹریڈ یونینوں کی جانب سے کی گئی اپیل پر بھارت بند کے دوسرے دن کرناٹک کے کئی مقامات پر تشدد دیکھا گیاکیوں کہ اشرار نے ریاستی ٹرانسپورٹ کی بسوں پر تقریباً 50مقامات پر سنگباری کی۔ تاہم مزدوروں کی جانب سے کی گئی اپیل پر یہ بند جزوی رہا کیوں کہ تجارتی ادارے کھلے رہے ۔ریاست میں سرکاری اور دیگر دفاتر معمول کے مطابق کام کرتے رہے۔ پولیس نے کہا کہ کئی اضلاع سے سنگباری کے واقعات کی اطلاعات ملی ہیں جس پر ٹرانسپورٹ کارپوریشنس صبح سے اپنی خدمات سے دستبردار ہونے کے لئے مجبور ہوگئے۔تاہم ایسے واقعات کے ماسواصورتحال قابو میں ہے۔پولیس نے سنگباری کی اطلاعات کے بعد بیشتر مقامات پراحتجاجی ٹریڈ یونین ارکان کو حراست میں لے لیا اور ٹریفک میں رکاوٹ پیدا کرنے کی ان کی کوششوں کو ناکام بنادیا گیا۔ ریاست میں آج دوسرے دن بھی اسکولس اور کالجس بند رہے۔ یونیورسٹیز نے گذشتہ روز اور آج کے امتحانات کو پہلے ہی ملتوی کردیا۔ بنگالورو میں صورتحال معمول کے مطابق رہی۔ بیشتر تجارتی ادارے کھلے رہے۔ہوٹلس اور دیگر ادارے بھی معمول کے مطابق کام کرتے رہے ۔شہر میں تاہم صبح کے اوقات میں مسافرین نے اپنی خود کی گاڑیو ں پر سفر کو ترجیح دی۔ اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی نقل و حرکت سست رہی۔ بیلگاوی سے موصولہ اطلاعات کے مطابق صورتحال معمول کے مطابق رہی۔ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے گذشتہ روز کے مقابلہ زائد خدمات کا آغاز کیا تھا۔کے ایس آر ٹی سی کی بسیں مہاراشٹرا ‘ گوا ‘ ہبالی ‘ وجے پورہ ‘ منگالورو اور دیگر روٹس تک معمول کے شیڈول کے مطابق چلائی گئیں۔آٹو رکشا ‘ میکسی کیابس اور پک اپ ویانس نے معمول کے مطابق کاروبار کیا جبکہ تقریباً تمام تجارتی ادارے ‘ ہوٹلیں ‘ بینکس ‘سڑک پر کاروبار کرنے والے ‘ پھولوں اور پھلوں کے دکانداروں نے معمول کے مطابق اپنی دکانیں کھولیں تاہم گدگ ‘ باگل کوٹ اضلاع میں کے ایس آر ٹی سی کی بسوں پر سنگباری کی اطلاعات ملی ہیں جس سے حکام عارضی طور پر خدمات کو معطل کرنے کے لئے مجبورہوگئے ہیں۔