تلگودیشم پر شرمیلا کے الزامات کی مذمت:نائیڈو

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-January-2019

حیدرآباد (یواین آئی)آندھراپردیش کے وزیراعلی این چندرابابونائیڈو نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریاست کی سیاست پر چوکس رہیں۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے وائی ایس آرکانگریس پارٹی کے صدر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی بہن وائی ایس شرمیلا کی جانب سے تلگودیشم پارٹی پر لگائے گئے الزامات کی مذمت کی ۔انہوں نے وضاحت کی کہ تلگودیشم پارٹی کسی کے کردار کو نقصان نہیں پہنچاتی ہے۔انہوں نے تعجب کا اظہا رکیاکہ کس طرح شرمیلا نے ان کی پارٹی پر نامناسب الزامات لگائے۔ان الزامات سے تلگودیشم کی شبیہ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔تلگودیشم پارٹی اس طرح کی گھٹیا سیاست نہیں کرے گی۔انہوں نے کہاکہ وائی ایس آرکانگریس پارٹی ہی ریاست میں ایسی گندی سیاست کرسکتی ہے۔کسی بھی لیڈر کے شخصی معاملات کا جہاں تک تعلق ہے، انہوں نے کبھی بھی اس پر اظہا رخیال نہیں کیا ہے ۔عوام کو اس تعلق سے سوچ کر فیصلہ کرنا چاہئے۔نائیڈو نے کہاکہ اگر شرمیلا کو اے پی حکومت پرکوئی بھروسہ نہیں ہے تو پھر وائی ایس آرکانگریس کو اے پی کے عوام سے ووٹ مانگنے کا کوئی حق نہیں ہے۔واضح رہے کہ شرمیلا نے الزام لگایا تھا کہ سوشیل میڈیا پران کے خلاف نامناسب ریمارکس کئے جارہے ہیں جس کے لئے تلگودیشم پارٹی ذمہ دارہے۔