تیجسوی کے ٹوئٹر چوپال پر آر جے ڈی۔جے ڈی یومیں ٹویٹ جنگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-January-2019

پٹنہ، (اسٹاف رپورٹر) آر جے ڈی سربراہ لالو یادو کے بڑے بیٹے تیج پرتاپ کے ساتھ اب ان کے چھوٹے بیٹے تیجسوی یادو بھی شہ سرخیوں میں رہنے لگے ہیں۔ اب وہ ٹوئٹر پر عوام کے لئے چوپال لگا رہے ہیں۔ اس کی معلومات انہوں نے خود ٹوئٹر کے دیتے ہوئے لکھا ہے اگر کسی کے ذہن میں بہار اور سیاست سے متعلق کوئی بھی سوال ہو تو وہ بلا جھجھک ہیش ٹیگ تیجسوی کی چوپال لکھ کر سوال پوچھ سکتا ہے۔تیجسوی نے لکھا کہ اس کے لئے وہ دوپہر 12 بجے ٹویٹر پر لائیو رہیں گے۔تیجسوی کے اس کارنامے سے جے ڈی یو اور آر جے ڈی کے درمیان ٹوئٹر پر رسہ کشیشروع ہو گئی ہے۔ جے ڈی یو کے ترجمان راجیو رنجن نے کہا ہے کہ تیجسوی ٹوئٹر پر اپنے اور خاندان کے کارناموں سے عوام کو آگاہ کرائیں۔ تیجسوی اب ٹوئٹر اور فیس بک پر ہی زیادہ دکھائی دے رہے ہیں، ان کی شبیہ بھی اب ٹوئٹر ببواکی بن گئی ہے۔ وہ ٹوئٹر کے چوپال لگائیں یاکھاٹ چوپال سجائیں، کچھ ہونے نہیں جا رہا ہے۔جے ڈی یو کے اس ٹویٹ کے جواب میں آر جے ڈی لیڈر مرتنجے تیواری نے کہا کہ تیجسوی کے ہر قدم سے مخالفین کے پیٹ میں درد کیوں ہوتا ہے؟ تیجسوی ٹویٹ کرتے ہیں تو پریشانی، چوپال لگاتے ہیں تو پریشانی اور یوپی جاتے ہیں تو پریشانی۔ انہوں نے کہا کہ دراصل تیجسوی کے بڑھتے قدم سے انہیں کافی پریشانی ہے۔آر جے ڈی کے قومی نائب صدر شیوانند تیواری نے کہا ہے کہ بولنے والے بولتے رہیں گے اور کام کرنے والے کام کرتے رہیں گے۔ سوشل میڈیا کے زمانے میں چوپال اسی طرح لگنے لگے ہیں۔ تیجسوی کی اس چوپال کو دیگر پارٹیوںکے سیاستدان لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کے موقف کو سوشل میڈیا کے ذریعے پھیلا کر پارٹی کو ایک بڑے طبقے کے درمیان مضبوط بنانے کی کوشش کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل تیج پرتاپ نے بھی عوام کے لئے آر جے ڈی کے دفتر میں زمین پر ملاقات کر جنتا دربار لگایا تھا۔