جنوبی افریقہ کی پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سریز میں کلین سویپ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-January-2019

جوہانسبرگ،( یو این آئی )جنوبی افریقہ نے پاکستان کو تیسرے ٹیسٹ میں 107رنز سے شکست دےکر کلین سویپ مکمل کرلی ہے ۔جوہانسبرگ ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 153 رنز سے اننگز کا آغاز کیا تو اسد شفیق 48 اور بابر اعظم 17 رنز کے ساتھ کریز پر موجود تھے۔دونوں بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا لیکن بابراعظم 21 کے انفرادی ا سکور پر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد آنے والے کپتان سرفراز احمد بھی بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے۔اسد شفیق نے میزبان گیند بازوں کے سامنے کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن وہ بھی 179 کے مجموعی ا سکور پر ہمت ہار گئے، انہوں نے 11 چوکوں کی مدد سے 65 رنز کی اننگز کھیلی۔فہیم اشرف15رنز بنا کر پوویلین لوٹے جبکہ محمد عامر کی اننگز4رنز تک محدود رہی۔حسن علی22رنز اسکور کرکے آؤٹ ہوئے جبکہ محمد عباس9رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے اور پاکستان کی پوری ٹیم273رنز بنا کر پوویلین لوٹ گئی۔جنوبی افریقہ کے لیے ڈین اولیویئر اور ربادا نے 3۔3جبکہ ڈیل ا سٹین نے 2 اور فلینڈرنے ایک وکٹ لی۔اس شکست کے ساتھ کلین سویپ کی خفت برداشت کرنے کے بعد پاکستانی ٹیم ایک درجے تنزلی کے بعد ساتویں پوزیشن پر آگئی ہے۔پاکستان نے92پوائنٹس کے ساتھ سیریز کا آغاز کیا تھا اور اب سری لنکا سے3پوائنٹس پیچھے88پوائنٹس کے ساتھ ساتویں پوزیشن پر موجود ہے۔جبکہ جنوبی افریقہ نے پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-3سے کلین سویپ مکمل کرکے انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیسٹ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر قبضہ جما لیا ہے ۔جنوبی افریقہ نے کلین سویپ مکمل کرکے 4پوائنٹس لیکر110پوائنٹس حاصل کرلیے ہیں اور اسے اب انگلینڈ پر2پوائنٹس کی برتری حاصل ہے ۔