دوسروں کے کام آنا ہی سب سے بہتر خدمت: ڈاکٹر اسلم پرویز

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 04-January-2019

حیدرآباد،(پریس ریلیز) انسانیت کی خدمت اور دوسروں کے کام آنے کا جذبہ ہی سب سے بہتر عمل ہے ۔ڈاکٹر محمد اسلم پرویز، وائس چانسلر، مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی نے آج لائبریری و انفارمیشن سائنس کے ریفریشر کورس کا افتتاح کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا۔ 23؍جنوری تک جاری رہنے والے اس کو رس کا اہتمام یوجی سی ۔ مرکز برائے فروغ انسانی وسائل (ایچ آر ڈی سی، مانو) نے کیا ہے۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے اپنی تقریر میں پروگرام کی غرض وغایت بیان کی اور لائبر یری و انفارمیشن سائنس کی اہمیت و امکانات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے کہا کہ ریفریشر کورس شرکاء کی معلومات کو تازگی بخشنے اور انہیں اپنے مضمون کے حالیہ رجحانا ت سے لیس ہونے کی ترغیب دے گا۔ لائبریری و انفارمیشن سائنس کے شعبہ سے تعلق رکھنے والے 35 شرکاء جو ملک کی مختلف جامعات اور کالجز کی نمائندگی کرر ہے ہیں، پروگرام میں شریک ہیں۔ ڈاکٹر ایم اے سکند ر ، رجسٹرار جو مرکز کے انچارج ڈائرکٹر بھی ہے ،نے اپنی تقریر میں کتب خانے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے شر کاء کو مشورہ دیا کہ پروگرام کے دوران حصول علم کیلئے وہ ریسور س پرسنس کی باتوں پر مکمل توجہ دیں۔ ڈاکٹر اختر پرویز، کورس کوآرڈ ینٹر و لائبریرین اردو یونیورسٹی نے ریفریشر کورس کا عمدگی سے تیار کردہ شیڈول پیش کیا۔ ڈاکٹر تحسین بلگرامی، ڈپٹی ڈائرکٹر نے کارروائی چلائی اور ڈاکٹر اشتیاق احمد، اسسٹنٹ پروفیسر نے شکریہ ادا کیا۔