دھونی حالات کے مطابق کھیلنا جانتے ہیں: گلیسپی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-January-2019

ایڈیلیڈ،؍(آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے سابق فاسٹ بولر جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ مہندر سنگھ دھونی کو بخوبی معلوم ہے کہ میچ میں حالات کے مطابق کس طرح کھیلنا ہے اور یہی وجہ ہے کہ وہ ہندوستان کے لئے اب بھی بہت اہم ہیں۔ دھونی نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے دونوں ون ڈے میچوں میں نصف سنچری لگائی۔ ہندوستان اور آسٹریلیا فی الحال سیریز میں 1-1 سے برابر ی پرہیں۔گلیسپی نے کہا کہ ہندوستان کو دھونی کے میچ فنیشر ہونے کا فائدہ ایک دہائی سے زیادہ عرصے سے مل رہا ہے۔وہ اب بھی اس کا فائدہ اٹھا رہے ہیں۔وہ جب سڈنی میں نازک حالت میں تھے، تب بھی اس کا فائدہ ملا۔سڈنی میں ان کی اننگز سست تھی لیکن سمجھنا چاہئے کہ کیوں۔وہ حالات کے مطابق کھیل رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ نچلے آرڈر پر اترکر حالات کے مطابق کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ ایڈلیڈ میں حالات بالکل مختلف تھے تو وہ مختلف انداز میں کھیلے۔وہ 300 سے زیادہ ون ڈے کھیل چکے ہیں اور انہیں پتہ ہے کہ مختلف حالات میں کس طرح کھیلنا ہے۔