دھونی کی اننگز کلاسک تھی: وراٹ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-January-2019

میلبورن،(یو این آئی ) ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں اپنی سنچری سے بلا شبہ مین آف دی میچ بنے لیکن انہوں نے وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کی ناقابل شکست نصف سنچری اننگز کو کلاسک بتایا۔وراٹ نے منگل کو چھ وکٹ سے میچ جیتنے کے بعد کہاکہ آج ایم ایس کلاسک تھی۔ وہ میچ کو آخر تک کھینچ کر لے گئے۔ یہ صرف ایم ایس ہی جانتے ہیں کہ ان کے دماغ میں کیا چل رہا ہے اور وہ آخر میں بڑے شاٹ کھیلنے کا اعتماد بھی رکھتے ہیں۔ کپتان نے دنیش کارتک کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے میدان پر آنے کے ساتھ ہی دھونی پر دباؤ ہٹا دیا۔ دھونی اور کارتک نے پانچویں وکٹ کے لئے 34 گیندوں میں 57 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھےداری کی۔ دھونی نے ناقابل شکست 55 اور کارتک نے ناٹ آؤٹ 25 رن بنائے۔اپنی سنچری کے لئے وراٹ نے کہاکہ اپنی پوری کوشش تھی کہ اسٹرائیک روٹیٹ کی جائے تاکہ رن ریٹ کا دباؤ نہ بنے۔ اگرچہ یہ بہت مشکل دن تھا۔ میری پتلون پسینے سے سفید ہو چکی تھی۔ ایم ایس بھی تھکے دکھائی دے رہے تھے۔ ان حالات میں 50 اوور تک فیلڈنگ کرنا اور پھر بلے بازی کرنا واقعی مشکل تھا۔ اب ہم ایک دن آرام کریں گے اور اپنی توانائی واپس حاصل کر میلبورن میں ہونے والے فیصلہ کن ون ڈے کی تیاری کریں گے۔