سبسڈی ختم ہونے کے بعد حج سستا ہوا ہے: نقوی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-January-2019

نئی دہلی، (یو این آئی) اقلیتی امور کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہاہے کہ حج کے عمل کو آن لائن اور ڈیجیٹل کرنے سے حج کے عمل کو شفاف اور آسان بنانے میں مدد ملی ہے ۔انہوں نے یہ بات آج یہاں حج ڈوویژن (حج کا نیا دفتر) کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ حج کے عمل میں شفافیت لانا ہماری ترجیح ہے اور اس ضمن میں ہماری وزارت دلجمعی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ انہو ں نے کہاکہ حج امور پہلے وزارت خارجہ کے تحت تھی جسے وزارت اقلیتی امور کے تحت کردیاگیا ہے۔ اب تک اسی آفس سے کام ہورہا تھا لیکن اب حکومت نے نیا دفتر الاٹ کیا ہے جس کا آج افتتاح کیا گیا ہے۔انہوں نے اس مفروضہ کو مسترد کردیا کہ حج سبسڈی کی وجہ سے حج مہنگا ہوا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حج سبسڈی ختم ہونے کے بعد حج سستا ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ سال کل 1300خواتین نے بغیر محرم کے حج کیا تھا لیکن اس بار ایسی خواتین کی تعداد 2340ہے جو بغیر محرم کے حج کریں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس بار خاص بات یہ ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ایسی خواتین پورے ملک سے ہیں جب کہ گزشتہ سال تقریباً تمام خواتین کیرالہ سے تھیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے خاص طور پر ہدایت دی ہے کہ بغیر محرم کے حج پر جانے والی خواتین کو لاٹری سسٹم سے باہر رکھ کر بھیجا جائے۔ مسٹر نقوی نے کہاکہ ہم نے ان خواتین کے لئے الگ سے انتظام کیا تھا اور خواتین ملازمین کو مقرر کیاگیا تھا اور اس بار بھی ان کے لئے الگ سے انتظام ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ اس بار حج کے لئے دو لاکھ 67ہزار درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے ایک لاکھ 64ہزار 902درخواستیں آن لائن سے آئی ہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ آزادی کے بعد پہلی بار ریکارڈ ایک لاکھ 75ہزار 25ہندوستانی بغیر سبسڈی کے حج پر گئے جن میں 48فیصد خواتین شامل تھیں۔ انہوں نے کہاکہ حج پر لگنے والا جی ایس ٹی کو 18فیصد سے کم کرکے پانچ فیصد کردیاگیا ہے جس سے 2019میں حج پر جانے والے عازمین کے 113کروڑ روپے بچیں گے۔ انہوں نے کہاکہ جی ایس ٹی میں کمی کی وجہ سے تقریباً گیارہ ہزار تک فی عازم حج کی بچت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ سری نگر سے جانے والے عازمین حج کو 11377روپے بچت ہوگی جب کہ حیدرآباد سے جانے والے کو 7204روپے کی بچت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ حج کو آسان اور اس کے عمل کو صاف شفاف بنانے کے لئے نظام بہتر بنانا لازمی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پرائیویٹ ٹور آپریٹر کے لئے پورٹل شروع کیا گیا ہے اور ٹور آپریٹر کو پوری معلومات دینی ہوگی اور اسی کے ساتھ پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو غیر ضروری رعایت ہرگز نہیں دی جائے گی ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری پالیسی حج دوستانہ ہے۔