سماجی فلاح اور تعلیمی بیداری کیلئے سماجی کارکنان کی میٹنگ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-January-2019

کشن گنج (آفتاب عالم صدیقی ) سماج کی ترقی و تعمیر اور تعلیمی بیداری کی فکر کو لیکر سماجی کارکنان کی ایک اہم میٹنگ ہوئی ۔جس میں تعلیم کی اہمیت ، سماج میں تعلیمی بیداری اور علاقہ کی پسماندگی و بدحالی پر تبادلہ خیال ہوا ۔ آج دن کے دس بجے کوچادھامن اور بیسا بلاک کے سرکردہ سماجی کارکنان نے سماج و معاشرہ کی ترقی اور فلاح و بہبودی کو لیکر مجگواں بازار میں ایک اہم نشست منعقد کی ۔ بلوا گوسترا کے سمیتی کشور محمود نے کہا کہ ترقی کے لئےتعلیم ضروری ہے۔ تعلیم ہی سے ترقی کے دروازے کھلتے ہیں ۔وہیں نالندہ میڈکل کالج کے ایم بی بی ایس اسٹوڈنٹ ندیم عالم نے سماج کو بیماریوں سے محفوظ رکھنے کی طرف روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ہمیں صاف اور تندرست رہنے کا پتہ دیتی ہے ، اس لئے کہ جب تک ہم اس میدان کی طرف آگے نہیں بڑھیں گے تب تک ہماری ذہنی توانائی مضبوط نہیں ہوسکتی ہے ۔نشست میں شریک احباب کو خطاب کرتے ہوئے فعال سماجی کارکن کوثر رضا نے کہا کہ آج ہم لوگ قسمہا قسم کی پریشانیوں کا سامنا کر رہے ہیں ۔ جس کے حل کے لئے ہمیں غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کا ایک بڑاطبقہ لہو لعب اور بلا مقصدیت کی زندگی گزار رہا ہے۔ جنہیں قریب کر کے مثبت سوچ کی طرف راغب کرانا بے حد ضروری ہے۔وہیں سماجی کارکن و صحافی محمد شاہنواز ندوی نے علاقہ کی پسماندگی اور اس کے اسباب و علل پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سماج اس وقت تک ترقی یافتہ نہیں ہوسکتا ہے جب تک کہ وہ تعلیم یافتہ نہ ہو۔ انہوں نے نوجوان دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں ہی سے سماج کا رخ متعین ہوتا ہے۔ یہ اپنے قوم کے لئے ریڑھ کی ہڈی کے مانند ہیں ، ان کے اندر فولادی طاقت ہے وہ جس جانب چاہیں سماج و معاشرہ کو لے جاسکتے ہیں ۔ ان کے علاوہ اقراء کوچنگ سنٹر کے ڈائرکٹر مصور عالم ، ندیم غزالی اور ابوحیاط نے تعلیمی بیداری کی طرف توجہ دلائی انہوں نے بعض مسائل کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم لوگ صاف پانی ، اچھی تعلیم ، سڑک اور اسپتال سے محروم ہیں جو علاقہ کی پسماندگی کے اسباب ہیں۔۔ اس دوران نالندہ میڈکل کالج کے ایم بی بی ایس اسٹوڈنٹ ندیم عالم اورصحافی محمد شاہنواز ندوی وسماجی کارکن کوثر رضا کا مالاسے استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر اشرف پرویز، توفیق عمر ،نفیس انور،محمد انور، ،راحل انور،دانش رضا وغیرہ درجنوں اہم لوگ موجود تھے ۔