شام میں ایران کے “جائز” مفادات ہیں : روس میں قطری سفیر کا موقف

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-January-2019

ماسکو، ماسکو میں قطر کے سفیر فہد بن محمد العطیہ کا کہنا ہے کہ شام میں ایران کے مفادات “جواز” کے حامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قطر کو بات پر کوئی اعتراض نہیں کہ تہران وہاں اپنے مفادات کی حفاظت کرے۔چند روز قبل روسی خبر رساں ایجنسی انٹرفیکس کو دیے گئے انٹرویو میں العطیہ کا کہنا تھا کہ “شامی حکومت جس نے اپنے مخالفین کے خلاف کریک ڈاؤن کیا درحقیقت وہ ہی بین الاقوامی اور علاقائی مداخلتوں کے لیے راہ ہموار کرنے کی ذمے دار ہے۔ لہذا دوسروں کو ملامت کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے”۔قطری سفیر نے استفسار کیا کہ بشار الاسد جیسا شخص جس نے 7 لاکھ شامیوں کو قتل کیا ، 1.5 کروڑ سے زیادہ کو ہجرت پر مجبور کیا اور ملک کا بنیادی ڈھانچہ تباہ کر ڈالا ،،، اس کے لیے یہ کیسے ممکن ہے کہ وہ شام کے عوام کو متحد کرے۔بشار الاسد اور شامی حکومت کی سپورٹ کے حوالے سے ایران کے کردار کے بارے میں سوال پر العطیہ نے کہا کہ “دیگر ممالک کی طرح ایران کے بھی شام میں جائز مفادات ہیں۔ قطر کو ایران کے ان مفادات کے تحفظ پر کوئی اعتراض نہیں۔ تاہم قطر اس صورت میں اعتراض کرے گا جب یہ مفادات قانونی حدود سے تجاوز کریں گے اور ایران شامی قوم کے کھاتے میں اپنے کردار کو مضبوط بنا کر کنٹرول کی خاطر فرقہ واریت اور تفرقے کی سیاست کو ہوا دے گا”۔قطری سفیر نے ایران پر زور دیا کہ “وہ اپنے مواقف پر نظر ثانی کرے اور ان امور پر توجہ دے جو شام اور شامی عوام کے لیے بہتر ہوں۔ انہوں نے باور کرایا کہ ایسی صورت میں قطر ،، ایران اور روس کو سپورٹ کرنے میں خوشی محسوس کرے گا”۔