شیلا دکشت کو صدر نامزد کیا جانا کانگریس کا خیر مقدمی فیصلہ،کانگریس کے اس قدم نے دہلی کے عوام کو حوصلہ فراہم کیا ہے: مولانا قاسم نوری

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-January-2019

نئی دہلی(شمیم احمد) آج فلاح امت فاؤنڈیشن کے چیئرمین مولانا قاسم نوری قاسمی کی زیر قیادت علماء اور سماجی کارکنان کے ایک وفد نے دہلی کی سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کو ان کے دہلی کانگریس کا صدر نامزد کئے جانے پر ان کی رہائشگاہ پر مبارکباد پیش کی۔ واضح رہے کہ کانگریس کی جانب سے تین بار دہلی کی وزیر اعلی رہ چکی شیلا دکشت کو کانگریس نے اجے ماکن کی جگہ حال ہی میں دہلی کانگریس کا صدر منتخب کیا ہے۔ اسی ضمن میں آج فلاح امت فاؤنڈیشن کے وفد نے چیئرمین فاؤنڈیشن مولانا قاسم نوری قاسمی کی قیادت میں شیلا دکشت کو ان کے صدر منتخب کئے جانے مبارکباد دی ،اس دوران وفد میں علماء،سماجی کار کنا ن اور میڈیا سے متعلقہ افراد شامل رہے۔ اس موقع پر چیئرمین فاؤنڈیشن مولانا قاسم نوری نے شیلا دکشت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان سے دہلی کے عوام کی بہت ساری امیدیں وابستہ ہیں۔ اور ہمیں امید ہے کہ محترمہ شیلا دکشت ماضی کی طرح مستقبل میں بھی دہلی کے عوام کی خدمت کریں گی۔قاسم نوری نے مزید کہا کہ آنے والا وقت کانگریس کا ہے اور کانگریس کی پالیسی ملک کے عوام کے مفاد میں ہے جن کو ملک کا یوتھ اب تسلیم کر نے لگا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ پرست طاقتوں نے کانگریس مکت بھارت کا نعرہ دیا تھا اور آج ان کا یہ نعرہ صفر ہوچکا ہے اور کانگریس بڑی آب وتاب کے ساتھ ملک کی طاقتور جمہوریت کے طور پر آگے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے ملک کے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے عوام کو کانگریس کا ساتھ دینا چاہئے تاکہ ملک کا مستقبل بہتر ہوسکے۔ اس موقع پر ان کے ساتھ وفد میں خصوصی طور پر قاری عبد الشکور،مولانا ابوبکر، مولانا اعزاز ،مولانا شمیم ، شاہنواز ناظمی،حافظ تبریز اور سلمان ملک وغیرہ شامل رہے۔