عام آدمی پارٹی دہلی ،پنجاب اورہریانہ میں لوک سبھا انتخابات تنہالڑے گی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-January-2019

نئی دہلی ،(یواین آئی)عام آدمی پارٹی نے کسی بھی طرح کےاتحاد کے امکان سے انکار کرتے ہوئے جمعہ کو واضح کیاکہ پارٹی دہلی ،پنجاب اور ہریانہ میں لوک سبھا انتخابات تنہا ہی لڑے گی ۔وزیرمحنت گوپال رائے نے آج یہاں صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا،’’آئندہ لوک سبھا انتخابات کے مدنظر عام آدمی پارٹی اور کانگریس کے مابین اتحاد کےتعلق سے بحث جاری ہے ۔ملک کا خیال رکھتے ہوئے ہم کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کے لیے تیار تھے لیکن کانگریس کے لیے ملک سے زیادہ اسکا غرورہے ۔اس لیے اب ہم تنہاہی دہلی ،پنجاب اور ہریانہ میں آئندہ لوک سبھا انتخابات لڑیں گے ۔‘‘انھوں نے کہا،’’عام آدمی پارٹی پہلے دن سے ہی کانگریس کے نظریہ سے اختلاف رکھتی تھی اور دہلی میں اس کی بدنظمی کے 15سال کا اختتام بالآخر صفرسیٹ کے ساتھ ہوا۔‘‘مسٹر رائے نے دہلی کانگریس کی نئی سربراہ شیلادیکشت کونشانہ بناتے ہوئے کہا،’’محترمہ دیکشت کہہ رہی ہیں کہ وہ اس بات کی جانچ کریں گی کہ دہلی میں کس طرح سے بجلی اور پانی سستامل رہاہے ۔ان سب باتوں سے پتہ چلتاہے کہ کانگریس اب بھی دہلی میں عوام کے فیصلے کو تسلیم کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔‘‘محترمہ دیکشت نے بھی دودن قبل کہاتھا کہ ابھی تک عام آدمی پارٹی سے اتحاد کا کوئی امکان نہیں ہے ۔سال 2014کے لوک سبھا انتخابات میں بھارتیہ جنتاپارٹی نے دہلی میں سبھی سات سیٹیں جیتی تھیں ۔