میں نوجوانوں کی مرضی کے مطابق ہی حتمی فیصلہ لوں گا: شاہ فیصل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-January-2019

سری نگر،(یو این آئی) کشمیری اے ایس ٹاپر شاہ فیصل نے کہا ہے کہ لوگوں خاص کر نوجوانوں کی مرضی کےمطابق ہی میں اپنے مستقبل کا تعین کروں گا ۔مستعفی ہونے پر سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کے ردعمل کا اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ فیصل نے کہا کہ سرکاری نوکری سے مستعفی ہونے کے اعلان کے بعد میں دشنام و چاپلوسی کے سیلاب میں غرق ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ ہزاروں لوگوں نے میرے استعفیٰ پرہزاروں نقطہ ہائے نظر سے اپنا رد عمل ظاہر کیا ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ میں اس سب کی توقع رکھتا تھا۔انہوں نے کہا ‘میں نے اپنے مستقبل کے منصوبوں پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں لیا ہے۔ میں وہی کروں گا جو لوگ خاص کر نوجوان مجھے کرنے کو چاہیں گے. انہوں نے سوشل میڈیا کو ذریعہ اظہار بنانے والوں ںسے اپیل کرتے ہوئے کہا ‘اگر آپ لوگ فیس بک اور ٹویٹرکو بالائے طاق رکھ کر کل سرینگر میں جمع ہوں گے تو ہم وہاں مل جل کر ایک پروگرام پر غور وفکر کریں گے۔انہوں نے کہا آگے کیا کرنا ہے اسکے بارے میں میرے پاس ایک منصوبہ ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ لوگوں کے پاس بھی ہوگا اور آپ لوگ چاہتے ہیں کہ میں ان خیالات پر حتمی فیصلہ لینے سے قبل غور کروں۔انہوں نے کہا کہ میری سیاسی منزل کا تعین فیس بک کے کومنٹس یا لائکس کے مطابق نہیں بلکہ حقیقی اور مدبر لوگوں کی رائے کے مطابق ہوگا۔انہوں نے کہا کہ میں مقام ملن کے بارے میں یہ جاننے کے بعد تفصیلات فراہم کروں گا کہ وہاں کون لوگ آرہے ہیں۔