نئے شادی شدہ جوڑوں کو رگھوور داس کی مبارکباد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 16-January-2019

دھنباد (تاثیربیورو): آپ تمام نئے شادی شدہ جوڑوں کو مکر سنکرانتی کی مبارک باد- آپ کا آنے والا وقت پر مسرت اور پر سکون ہو- میری ایشور سے یہی دعا ہے- اجتماعی شادی سماج کے مفاد میں ایک مثبت قدم ہے اور اس کے اثرات سماج پر دور تلک مرتب ہوں گے- ایک جانب ہم ایسی شادیوں کے ذریعہ فضول خرچ کو آئینہ دکھا رہے ہیں تو دوسری جانب سماج کے کمزور طبقات کی امداد کر رہے ہیں – بین المذاہب اجتماعی شادی کمیٹی اور دیگر 36 معاون اداروں کی اس کوشش کو سلام کرتا ہوں اور انہیں مبارک باد دیتا ہوں – مذکورہ باتیں وزیر اعلیٰ رگھوور داس نے بروز منگل دھنبار کے گولف گراؤنڈ میں منعقدہ اجتماعی شادی تقریب سے خطاب کے دوران کہیں – جناب داس نے کہا کہ کمیٹی گزشتہ پانچ سال سے غریب طبقہ کے لوگوں کی جس طرح مدد کر رہی ہے، اسے عوامی مہم بنانا ہے- یہ کام حکومت بھی کر رہی ہے- جناب داس نے کہا کہ یہاں خط افلاس سے نیچے جتنے بھی شادی شدہ جوڑے ہیں ، وہ ڈپٹی کمشنر ، دھنباد کو درخواست دے کر حکومت کی جانب سے ملنے والے 30 ہزار روپیے حاصل کر لیں- جناب داس نے بتایا کہ 24 جنوری کو وزیر اعلیٰ سوکنیا منصوبہ کا آغاز ریاست کی بیٹیوں کو با اختیار بنانے کے لئے کیا جا رہا ہے- اس منصوبہ کا اہم مقصد بچہ شادی کو روکنا اور بچیوں کو تعلیم سے آراستہ کرنا ہے- منصوبہ کے تحت پیدا ہوتے ہی نوزائیدہ بچی کی ماں کے بینک اکاؤنٹ میں پانچ ہزار روپیے جمع کر دیے جائیں گے- اس کے بعد 1 درجہ، 5 ویں، 8 ویں، 10 ویں درجہ میں بھی پانچ ہزار کی رقم جمع کر دی جائےگی- بچی کے بالغ ہونے یعنی 18 سال ہونے پر اور غیر شادی شدہ رہنے پر دس ہزار روپیے کی رقم جمع کر دی جائے گی- اگر بالغ لڑکی شادی کرنا چاہے تو وزیر اعلیٰ کنیا دان منصوبہ کے تحت 30 ہزار روپیے کی اضافی رقم دی جائے گی- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پاکیزہ کام کرنے والے لوگوں کو فی جوڑا دو ہزار روپیے کی رقم دی جائے گی- ساتھ ہی کسی غریب کی آخری رسوم کی ادائگی کرنے والوں کو بھی دو ہزار کی رقم دی جائے گی- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دھنباد میں 248 کروڑ کی لاگت سے جلد فلائ اوور کی تعمیر ہوگی- اس کے لئے منصوبہ تیار ہے- کابینہ سے جلد اس منصوبہ کو منظوری دی جائے گی- مرکزی حکومت نے جو وعدہ دھنباد کی عوام سے کیا تھا اسے پورا کر دیا گیا –وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلی دفعہ موجودہ حکومت میں ہوا کہ ڈسٹرک مائیننگ فنڈ کی 30 فی صد رقم کا خرچ عوامی فلاح کے کاموں میں کیا جارہا ہے- ایک ہزار کروڑ کی لاگت سے پینے کے پانی منصوبہ پر کام ہورہا ہے- وزیر اعلیٰ سے جب دھنباد کے لوگوں نے ایک سوپر اسپیشیلیٹی اسپتال شروع کرانے کی گزارش کی تو وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی پی پی موڈ پر اسپتال شروع کریں – آپ تجویز دیں ، حکومت ایک ماہ میں آپکو زمین دے گی- لیکن اسپتال میں غریبوں کو ملنے والی ترجیحات واضح ہونے چاہیئے – کیونکہ انسان کی توجہ محض پیسہ کمانے پر نہیں ہونی چاہیئے – سماج کے دکھ درد میں شامل ہونے سے انسان بڑا ہوتا ہے- وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کے منصوبے غریبوں کے لئے ہیں ، جبکہ 70 سال تک حکومت کرنے والے کا ہاتھ امیروں کے ساتھ رہا – لیکن موجودہ حکومت طبقہ کی نشاندہی کر کے اجولا منصوبہ، وزیر اعظم رہائشی منصوبہ اور دیگر منصوبوں کا فائدہ دے رہی ہے- موجودہ حکومت اس بات میں یقین رکھتی ہے کہ سبھوں کے یکساں حقوق ہیں اور ملک کا آئین بھی یہی کہتا ہے- پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ سے خواتین نے کہا کہ دھنباد میں بھی ایر پورٹ کی تعمیر کرا دیں – اس پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بوکارو میں ایر پورٹ کی تعمیر کا کام ہورہا ہے- ویسے دھنباد میں بھی اسکی تعمیر شروع کرنے کی کوشش حکومت کرے گی- وزیر اعظم کا ماننا ہے کہ ہوائ چپل والا غریب بھی ہوائ سفر کرے، اس سمت میں کام ہورہا ہے- جلد دھال بھوم گڑھ میں بوئینگ جہاز لینڈ کرانے کے لئے تعمیری کام شروع ہوگا – اس موقع پر دھنباد رکن پارلیمان جناب پی این سنگھ، دھنباد میئر جناب چندر شیکھر اگروال، دھنباد رکن اسمبلی جناب راج سنہا اور دیگر معزز حضرات موجود تھے-