وزیر اعظم تاج محل سے پیار ومحبت کا سبق پڑھ کر جائیں گے: اکھلیش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 10-January-2019

لکھنؤ: (یواین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے آگرہ دورے کے موقع پر سماجوادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اور اترپردیش کے سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے وزیر اعظم نریندر مودی پر طنز کستے ہوئے کہا’’ ملک کے وزیر اعظم تاج محل سے پیار ومحبت کا سبق سیکھ کر جائیں گے‘‘۔مسٹر یادو نے بدھ کو اپنے ٹوئٹ میں لکھا’’ امید ہے کہ ملک کے وزیر اعظم تاج محل سے پیار ومحبت کا سبق سیکھ کر جائیں گےاور اپنے آنند۔ویہار کے بعد یہاں کے آس پاس کے آلو ،گنا اور دھان کے کسانوں کے دکھ درد بھی ان کو یاد آئیں گے۔ دہلی سے یوپی اتنا دور پہلے کبھی نہیں تھا کہ اس کے بدحال کسانوں اور تاجروں کی ملک کے سربراہ کو کوئی فکر نہ ہو‘‘۔قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کو آگرہ آرہے ہیں۔ وہ کوٹھی مینا بازار میدان میں عوامی ریلی سے خطاب کریں گے۔ اس سے قبل یہاں تین ہزار نو سو کروڑ روپئے کے اخراجات والے پروجکٹوں کی سنگ بیناد اور نقاب کشائی کریں گے۔