ٹرمپ: ترکی نے کردوں کو نشانہ بنایا تو اسے معاشی طور پر تباہ کر دیں گے

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-January-2019

واشنگٹن،۱۴؍جنوریامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ترکی کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے شام سے امریکی افواج کے انخلا کے بعد وہاں موجود کرد افواج پر حملے کی کوشش کی تو وہ اسے ’معاشی طور پر تباہ‘ کر دیں گے۔اتوار کو ٹوئٹر پر اپنے دو پیغامات میں صدر ٹرمپ نے کہا وہ یہ بھی نہیں چاہتے کہ کرد ترکوں کو اشتعال دلائیں۔شمالی شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے خلاف کرد ملیشیا امریکی افواج کے شانہ بشانہ لڑتی رہی ہے جبکہ ترکی اس پیشمرگاہ فورس کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔ترک صدر رجب طیب اردگان اس گروپ کی امریکی حمایت پر اپنے غصے کا کھلے عام اظہار کر چکے ہیں اور کہتے رہے ہیں کہ وہ ان کردوں کو کچل دیں گے۔صدر ٹرمپ کے حالیہ بیان کے بعد ایک مرتبہ پھر ان کے شام سے امریکی فوج کے انخلا کے اچانک فیصلے پر مزید تنقید بھی ہوئی ہے۔سعودی عرب کے شاہی خاندان کے سینیئر رکن شہزادہ ترکی الفیصل نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے منفی اثر مرتب ہوگا، اور ایران، روس اور صدر بشار الاسد کے اقتدار کو مزید تقویت ملے گی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دسمبر میں اعلان کیا تھا کہ اب شام سے امریکی فوجوں کی واپسی کا وقت آگیا ہے۔شہزادہ ترکی امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو کے دورہ ریاض کے آغاز سے قبل گفتگو کر رہے تھے۔ مائیک پومپیو مشرق وسطیٰ کے دورے پر ہیں اور وہ عراق، اردن، مصر اور بحرین کا دورہ کر چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کیا کہا؟

امریکی صدر نے فوجیوں کے انخلا کے فیصلے کا دفاع کیا اور کہا دولتِ اسلامیہ کے باقی جنگجوؤں کو ایک قریبی موجودہ ٹھکانے سے نشانہ بنایا جائے گا۔
انھوں نے یہ نھیں بتایا کہ اگر ترکی نے پیشمرگاہ فورس کو نشانہ بنایا تو اس کی معیشت کیسے متاثر ہوں گی تاہم انھوں نے 20 میل طویل ایک حفاظتی زون کے قیام کی بات ضرور کی۔
شہزادہ ترکی الفیصل نے کیا کہا؟
ترکی الفیصل کا کہنا تھا کہ عالمی برادری شامی لوگوں کو نظرانداز کرنے پر شرمسار ہے اور امریکی فوجوں کے انخلا سے حالات مزید خراب ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’میرے نقطہ نظر سے امریکی اقدامات سے کوئی حل تلاش کرنے کے بجائے مزید پیچیدگی پیدا ہوگی اور شام میں نہ صرف ایرانیوں کی بلکہ روسیوں اور بشار الاسد کی بھی مورچہ بندی بڑھے گی، چنانچہ اس لحاظ یہ بہت منفی پیش رفت ہے۔‘ان کا کہنا تھا کہ دسمبر میں امریکی سیکریٹری دفاع جیمز میٹس کے جانے سے حالات میں بہتری غیرمتوقع تھی۔ترکی الفیصل نے کہا کہ ’بلاشبہ وہ شام کے حوالے سے پالیسی پر انتظامیہ کے ساتھ اتفاق نہیں کرتے تھے اس لیے اس تناظر میں ان کا موجود رہنا اس پالیسی کو نبھانے کے حوالے سے زیادہ مثبت اشارہ ہو سکتا تھا۔‘شہزادہ ترکی الفیصل سعودی حکومت میں شامل نہیں ہیں تاہم وہ کئی دہائیوں تک اس میں شامل رہے ہیں۔بی بی سی کی نامہ نگار برائے محکمہ خارجہ باربرا پلیٹ کا کہنا ہے کہ وہ ممکنہ طور پر سعودی عرب کے سرکاری موقف کی عکاسی کر رہے ہیں لیکن وہ حکومت کی نمائندگی نہیں کر رہے تھے۔
مائیک پومپیو کس بارے میں بات کریں گے؟
امریکی ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ کے مطابق ریاض میں اپنے قیام کے دوران امریکی وزیرِ خارجہ متوقع طور پر ایران سمیت یمن اور شام کے تنازعات زیربحث لائیں گے، اس کے علاوہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل کی تحقیقات کے حوالے سے بھی جاننا چاہیں گے۔قطر میں ایک نیوز کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ ولی عہد محمد بن سلمان سے خاشقجی کے قاتلوں کا ’احتساب‘ کرنے کا کہیں گے۔اس سے قبل مائیک پومپیو نے قطر اور سعودی عرب کے درمیان جاری کشیدگی کو ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’یہ تنازع بہت طول پکڑ گیا ہے۔‘وہ اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحا پہنچیں تھے جہاں ان کہنا تھا کہ وہ اور صدر ٹرمپ یہ سمجھتے ہیں کہ خیلجی ممالک میں تنازع کافی طول پکڑ گیا ہے اور اس کا حل کیا جانا سب کے باہمی مفاد میں ہے۔انھوں نے کہا کہ اس تنازع کے جاری رہنے کی وجہ سے خطے میں دشمنوں کو فائدہ ہو رہا ہے اور باہمی مفادات کو نقصان پہنچ رہا ہے۔