یوگی نے کیا کھاد کی قیمت میں کمی کا فیصلہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-January-2019

لکھنؤ(یو این آئی) اتر پردیش کے وزیر یوگی آدتیہ ناتھ نے ریاست کے کسانوں کے مفاد کے پیش نظر یوریا کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔مسٹر یوگی نے ریاست میں قدرتی گیس پر فاضل ویٹ لگانے کی وجہ سے یوریا کی قیمتوں میں ہوئےاضافہ کے پیش نظر اس ٹیکس کو واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کی وجہ سے 12 جنوری سے یوریا کی قیمتوں میں کمی آجائے گی۔ ریاستی حکومت کے ترجمان نے اس کی اطلاع دیتے ہوئے آج یہاں بتایا کہ وزیراعلی کی جانب سے کسانوں کے مفاد میں لئے گئے اس فیصلہ سے اب یوریا کی 45 کلو کی بوری جس کی موجودہ قیمت 299 روپے ہے،اب 266 روپے 50 پیسے میں کسانوں کو دستیاب ہوسکے گی۔ اسی طرح یوریا کی 50 کلو کی بوری جس کی موجودہ قیمت 330 روپے 50 پیسے ہے، 295 روپے میں ملے گی۔ ترجمان نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں 2022 تک کسانوں کی آمدنی کو دوگنا کرنے کے لئے پرعزم ہے اور اس کے لئے مسلسل کوشاں ہے۔ یہ فیصلہ اس سمت میں ایک اہم قدم ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ ریاست کے کسان کئی برسوں سے اترپردیش میں دیگر صوبوں کی شرح پر ہی یوریا دستیاب کرانے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ وزیر اعلی نے ان کی اس مانگ کا احترام کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا ہے۔