یوگی کا مکر سنکرانتی اور کھچڑی کے موقع پر نیک تمنائوں کا اظہار

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-January-2019

لکھنؤ: (یواین آئی) اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یو گی آدتیہ ناتھ نے مکرسنکرانتی اور کھچڑی کے تہوار پر ریاست کے باشندوں کو مبارک باد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔آج یہاں جاری ایک تہنیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں مکرسنکرانتی کو مخصوص تہوار کے طور پر منایا جاتا ہے۔یہ سبھی تہوار ہمارے ملک کی وراثت اور ثقافتی یکجہتی کی علامت ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال مکر سنکرانتی اس لیے بھی اہمیت کی حامل ہے کہ اس تہوار ہی سے دنیا کا عظیم ترین روحانی ، ثقافتی اور مذہبی اجتماع پریاگ راج کمبھ 2019- کا آغازہو رہا ہے۔قابل ذکر ہے کہ پورے ہندوستان میں مکر سنکرانتی مختلف شکلوں میں منائی جاتی ہے۔اترپردیش اور بہار سمیت مختلف ریاستوں میں اسے کھچڑی کے طور پر منایا جاتا ہے۔ایسا خیال ہے کہ اس دن سورج اپنی گردش میں تبدیلی کے ساتھ شمال کی جانب بڑھنے لگتا ہے۔مکر سنکرانتی سے ہی سورج کی گردش میں ہوئی تبدیلی اندھیرے سے روشنی کی جانب پیش قدمی کا مظہر ہے۔اس لیے پورے ہندوستان میں اس موقع پر لوگ مختلف طریقوں سے سورج کی پرستش کرتے ہیں۔