یو پی میں10 فیصد ریزرویشن کے نفاذکیلئے آرڈیننس جلد

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-January-2019

لکھنؤ: (یواین آئی) عام انتخابات کے چند مہینے قبل اترپردیش حکومت نے اعلی ذات کے غریبوں کو دس فیصد ریزرویشن کا فائدہ دینے کے لئے آرڈیننس کو جلد ہی منظوری دے سکتی ہے۔ریاستی حکومت کے باوثوق ذرائع کے مطابق دس فیصد ریزرویشن پر آڑڈیننس کو ریاستی کابینہ کی منظوری اگلے ہفتے مل سکتی ہے۔اطلاعات کے مطابق یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں کابینہ کی میٹنگ ہر ہفتے منگل کو ہوتی ہے لیکن اس ہفتے مکرسنکرانتی کی وجہ سے کابینہ کی میٹنگ نہیں ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق آرڈیننس کے لئے ڈرافٹ کی تیاری کا عمل جاری ہے افسران گجرات کے اپنے ہم منصب سے آرڈیننس کی تفصیلات کے لئے رابطہ کررہے ہیں ۔قابل ذکر ہے کہ گجرات پہلی ریاست ہے جس نے مرکز کے اس قانون کو سب سے پہلے نافذ کیا ہے جس میں اعلی ذات کے غریبوں کو دس فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے۔ وہیں بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں میں گجرات اور جھارکھنڈ کے بعد اس قانون کو نافذ کرنے والی یوپی تیسری ریاست ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بی جے پی اترپردیش الیکشن کے انچارج و مرکزی وزیر صحت جے پی نڈا نے بدھ کو کہا تھا کہ ریاستی حکومت جلد ہی اس قانون کو نافذ کرے گی۔وہیں دوسری جانب نائب وزیر اعلی و ہائر ایجوکیشن منسٹر دنیش شرما اور ریاست میں پرائیوٹ اور سرکاری یونیورسٹیز کے ساتھ ہوئی میٹنگ میں اعلی ذات کے غریبوں کو اعلی تعلیم میں میں دس فیصد ریزرویشن دینے کی تجویز کو منظوری مل چکی ہے۔ریاست میں مجموعی یونیورسٹیز کی تعداد 49 ہے جن میں 4مرکزی یونیورسٹیز، 15 ریاستی یونیورسٹیز اور 27 پرائیویٹ یونیورسٹیز شامل ہیں ان یونیورسٹیز میں 44،000 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔