سیاست سیاست

محبوبہ مفتی نے عمران حکومت کی تعریف اور مودی حکومت پر تنقید کی

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-February-2019

سری نگر،(یو ا ین آئی) پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ جہاں ایک طرف ہندوستان میں موجودہ حکومت کی اہم ترین ترجیح شہروں کے نام بدلنا اور رام مندر تعمیر کرنا ہے، وہیں دوسری طرف پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان صوبہ پنچاب کے ننکانہ صاحب میں ایک عظیم الشان بابا گرونانک یونیورسٹی قائم کرنے اور بابا گرونانک ریزورٹ اینڈ وائلڈ لائف پارک بنانے میں سرگرم عمل ہیں۔محترمہ مفتی نے اتوار کو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ‘وقت کیسے بدل جاتا ہے۔ جہاں ایک طرف مرکزی حکومت (حکومت ہندوستان) کی اہم ترین ترجیح ظاہری طور پر تاریخی شہروں کے نام بدلنا اور رام مندر کی تعمیر ہے، وہیں دوسری طرح پاکستان کے وزیر اعظم نے بلوکی (ننکانہ صاحب) فارسٹ ریزرو کا نام گرو نانک جی کے نام سے منسوک کرنے اور ان کے نام پر یونیورسٹی قائم کرنے کے اقدامات شروع کردیے ہیں۔بتادیں کہ پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کے روز ننکانہ صاحب کے بلوکی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ‘بلوکی ریزرو کو ہم نے ریزورٹ اینڈ وائلڈ لائف پارک بنایا ہے۔ میں کہوں گا کہ ہم اس کو بابا گرونانک کے نام پر بنائیں گے۔ انشاءاللہ ہم یہاں ایک زبردست بابا گرونانک یونیورسٹی بنائیں گے۔ مجھے اچھا لگتا ہے کہ جب لوگ اسکول، یونیورسٹیاں اور کالجز مانگتے ہیں۔ یہ ایک زندہ معاشرے کی نشانی ہے۔عمران خان نے کہا کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر ان کی جنم بھومی ‘کرتارپور میں ایک بڑے پیمانے کی تقریب منعقد کی جائے گی۔

About the author

Taasir Newspaper