ریاست

موجودہ دور میں طب یونانی کا مستقبل نہایت روشن ہے: پروفیسر عبدالملک

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-February-2019

موتیہاری، (محمداکرم) آج صوفیہ یونانی میڈیکل کالج ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر بارا چکیہ میںامسیح الملک حکیم اجمل خان کے ۱۵۱ ویں یوم پیدائش کے موقع پر عالمی یوم طب یونانی بڑے جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ پروگرام کی شروعات حافظ محمد ناصح اعظم نے تلاوت کلام پاک سے کی۔ اس پروگرام کے مہمان خصوصی کے فرائض انجام دیتے ہوئے کالج کے صدر ڈاکٹر ایس ایم امجد علی نے کہا کہ طب یونانی ایک قدیم اور موئثر طریقہ علاج ہے۔ موجودہ وقت میں دیسی طریقہ علاج کی طرف لوگوں کا رحجان تیزی سے بڑھ رہا ہے ایسے میں طلباء کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ وہ طب کی تعلیم کی اہمیت کو سمجھیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کالج ان کی تعلیمی سہولیات کی کوئی کسر باقی نہیں رکھے گا۔استقبالیہ خطبہ میں شعبہ علم الادویہ کے صدر ڈاکٹر سہیل احمد نے حکیم اجمل خان کا تعارف پیش کیااور طب یونانی میں ان کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ صدارتی خطبہ میںکالج کے پرنسپل پروفیسر عبدالملک نے طلباء سے کہاکہ اس میں کوئی شک و شبہات کی گنجائش نہیں کی طب یونانی کا جو عروج ماضی میں گزرا ہے اس کو واپس لانے کے لئے آج کے دورمیں تمام تر سہولیت موجود ہیں ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ایمانداری اور لگن کے ساتھ کام کریں۔ موصوف نے کہا کہ موجودہ دور میںطب یونانی کا مستقبل نہایت روشن ہے۔ ہندوستان میں طب یونانی کے فروغ کا جو کام حکیم اجمل خان نے کیا ہمیں اسی راہ پر چلتے ہوئے کام کریں۔ اس موقع پر مضمون نویسی بعنوان حکیم اجمل خان کی طبی و ادبی خدمات اور ایک ڈیبیٹ کمپیٹیشن بعنوان طب یونانی کی موجودہ وقت میں ضرورت ۔مثبت اور منفی کا انعقاد کیا گیا۔اس میں کالج کے طلباء نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔مقابلہ جاتی پروگرام میں مضمون نویسی میں فردوس الزماں قاضی نے اول، سعدیہ خاتون نے دوسرا اور شہزادی پروین نے تیسرا مقام حاصل کیا۔اس طرح ڈیبیٹ کمپیٹیشن میں مثبت زمرے میں شہزادی پروین نے اول، سرفراز مسی نے دوسرا اور محمد علی نے تیسرا مقام حاصل کیا جبکہ منفی زمرے میں فردوس الزماں قاضی نے اول، ندا ظفر نے دوسرا اوراخلاق الرحمان نے تیسرا مقام حاصل کیا۔فاتح طلباء کو پرنسپل پروفیسر عبدالملک نے اسناد و انعامت تقسیم کئے۔ اس موقع پر کالج کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ضیاء، پروفیسر محمد قطب الدین، ڈاکٹر محمد ضیاء الرحمان، ڈاکٹر محمد عرفان، ڈاکٹر محمد شہباز عالم اور ڈاکٹر ساجد عالم کے علاوہ کالج ہاسپیٹل ملازمین موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت ڈاکٹر سعید احمد نے کی۔

About the author

Taasir Newspaper