ہندستان ہندوستان

پیدائش سے لے کر شادی تک بیٹیوں کا سہارا بنے گی سرکار:رگھوور

Written by Taasir Newspaper

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-February-2019

رانچی (معیز الدین خان): وزیراعلیٰ رگھوور داس نے آج لاتیہار میں منعقد مکھیہ منتری سوکنیا یوجنا بیداری پروگرام میں حصہ لیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس پروگرام کی کامیابی کیلئے عوامی شراکت داری ضروری ہے۔ تاکہ ہر گھر کی بچی اس سے فائدہ حاصل کرسکے۔انہوں نے کہا کہ لڑکا اور لڑکی کا جنسی تناسب برابر کرنے کی غرض سے ہی بیٹی پڑھائو ، بیٹی بچائو کا پیغام وزیراعظم نریندر مودی نے دیا تھا۔ ریاستی حکومت اسی کے تحت بیٹی کی تحفظ اور اس کی اختیار کاری کیلئے پہلے پڑھائی، پھر وداعی کی بات کرتی ہے۔ ہماری حکومت کا عزم ہے کہ بیٹیاں پڑھ لکھ کر خاندان کا سہارا بنیں۔ اس کیلئے حکومت بچیوں کو پیدائش سے لے کر پڑھائی اور شادی تک مالی مدد کرکے ان کا سہارا بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ آدی واسی سماج میں بیٹیوں کو بوجھ نہیں سمجھا جاتا۔ لیکن شہروں میں رہنے والے پڑھے لکھے لوگ الٹراسائونڈ کی مدد سے آنے والی لڑکی کو دنیا میں آنے سے روکتے ہیں۔ ڈاکٹر اس قسم کا گناہ نہ کریں ،ورنہ حکومت ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جھارکھنڈ ہر شعبے میں ترقی کی داستان لکھ رہا ہے۔ گھر گھر بجلی، پینے کا پانی اور صحت خدمات پہنچانے کاکام ہورہا ہے۔ دنیا کاسب سے بڑا صحت منصوبہ آیوشمان بھارت کے تحت اب تک 16 لاکھ گولڈن کارڈ تقسیم کئے جاچکے ہیں۔ تین ماہ کے اندر 57لاکھ خاندانوں تک گولڈن کارڈ پہنچ جائے گا۔ تاکہ غریب بڑے اسپتالوں میں اپنا علاج کراسکیں۔

About the author

Taasir Newspaper