اکھلیش یادو معاملہ: ایس پی۔ بی ایس پی وفد گورنر سے ملا

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 14-February-2019

لکھنؤ:(یواین آئی) سماجوادی پارٹی(ایس پی) اور بہوجن سماج پارٹی( بی ایس پی) اراکین پر مشتمل 15 رکنی مشترکہ وفد نے بدھ کی صبح اترپردیش کے گونر رام نائک سے ملاقات کر کے یوگی آدتیہ ناتھ حکومت کے ذریعہ سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو کے ساتھ کئے گئے غیر جمہوری روئے کی تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے اس معاملے میں ان کے مداخلت کی اپیل کی۔گورنرسے تقریبا 30 منٹ کی گفتگو کے دوران اپوزیشن لیڈروں نے بی جے پی حکومت کے ’’ تاناشاہی والے رویہ‘‘ پر اپنا احتجاج درج کرایا اور جمہوریت کے تحفظ میں ان کے مداخلت کی اپیل کی۔ .وفد نے الزام عائد کیا کہ اکھلیش یادو کو غیر جمہوری طریقے سے لکھنؤ ائیر پورٹ پر ایک جونئر افسر کے ذریعہ روکا گیا ساتھ ہی انہوں نے ریاستی پولیس کے ائیر پورٹ کے اندر داخلے پر بھی سوال کھڑا کئے۔گورنر نے وفد کی بات کو سن کر انہیں اس بات کا تیقن دیا کہ وہ اس پورے معاملے میں ریاستی حکومت کو خط لکھیں گے۔15 رکنی وفد میں ایس پی اراکین کی قیادت قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر احمد حسن نے کی تو وہیں بی ایس پی اراکن کی نمائندگی رکن اسمبلی لال جی ورما نے کی۔