بولی وڈ گلوکارہ نیہا ککڑ نے پہلی بار اپنے بارے خاموشی توڑ دی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-February-2019

ممبئی ۔(یواین این )بولی وڈ گلوکارہ نیہا ککڑ کچھ عرصے پہلے اداکار ہمانشو کوہلی سے بریک اپ کی وجہ سے شہ سرخیوں کی زد میں رہیں اور اب ایک انٹرویو میں پہلی بار انہوں نے اس بارے میں خاموشی توڑ دی ہے۔نیہا ککڑ نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ ایک برے تعلق کو پیچھے چھوڑ کر آگے بڑھ گئیں اور شکرگزار ہیں کہ وہ اب اپنے خاندان کے ساتھ زیادہ وقت گزار سکتی ہیں۔گلوکارہ نے کہاکہ ابھی میں کہہ سکتی ہوں کہ اکیلے ہونا زندگی کا سب سے بہترین احساس ہے، جب میرا تعلق قائم تھا تو اپنے خاندان اور دوستوں کو وقت نہیں دے پاتی تھی، اس دور میں میرا سارا وقت اور توانائی اس فرد کے لیے تھی جو میرے لائق نہیں تھا اور اس کا مستحق نہیں تھا، اور اندازہ لگائیں، اسے اتنا زیادہ وقت دینے کے باوجود وہ ہمیشہ شکایت کرتا تھا کہ ہم اکھٹے نہیں ہوتے۔دونوں نے پہلے عوامی سطح پر اپنی محبت کا اظہار کیا اور جب لوگوں کو لگا کہ وہ ایک دوسرے کی زندگی سے ہمیشہ کے لیے جڑنے والے ہیں تو ان کے بریک اپ کی افواہیں انٹرنیٹ پر وائرل ہوئیں۔جس کے بعد گلوکارہ نے اس معاملے کی تصدیق بھی کی۔اس موقع پر گلوکارہ نے اپنے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’اب چند لوگ ایسی باتیں میرے بارے میں کہیں گے جو میں نے کی بھی نہیں، لیکن کوئی بات نہیں، مجھے عادت ہوگئی ہے سب سننے کی سب سہنے کی۔گلوکارہ نے مزید لکھا کہ مجھے نہیں پتا تھا اس دنیا میں اتنے برے لوگ بھی ہوتے ہیں، سب کھو کر ہوش میں اب آئے تو کیا کیا، میں نے اپنا سب کچھ دے دیا اور مجھے بدلے میں کیا ملا، بتا بھی نہیں سکتی کیا ملا۔30 سالہ نیہا ککڑ کا کہنا تھا کہ ہم سلیبریٹیز کے دو چہرے ہوتے ہیں، ایک پرسنل ایک پروفیشنل، ذاتی زندگی جتنی بھی خراب چل رہی ہو، پروفیشنل زندگی میں آپ ہمیشہ مسکراتے دیکھیں گے۔اس بریک اپ نے گلوکارہ کو ذہنی طور پر بہت زیادہ متاثر کیا ہے اور وہ ڈپریشن کا شکار ہوگئی ہیں۔انسٹاگرام پر اپنے اکائونٹ میں نیہا ککڑ نے اسٹوریز میں اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ ڈپریشن کا شکار ہیں۔انہوں نے لکھا ہاں میں ڈپریشن کا شکار ہوں، اس کے لیے دنیا میں موجود تمام منفی لوگوں کا شکریہ، مبارک ہو آپ سب مجھے میری زندگی کے بدترین دن دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا’ میں واضح کرنا چاہتی ہوں کہ یہ صرف ایک یا دو لوگوں کی وجہ سے نہیں، یہ سب دنیا کی وجہ سے ہوا۔ وہ لوگ جنہوں نے مجھے میری ذاتی زندگی جینے نہیں دی۔ میں ان سب کی شکرگزار ہوں جو میرے کام یا مجھ سے محبت کرتے ہیں۔