تصادم میںمیجر سمیت5جوان شہید

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-February-2019

سری نگر،(یو این آئی) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے پنگلن میں پیر کے روز سیکورٹی فورسز اور جنگجوؤں کے درمیان قریب 18 گھنٹوں تک جاری رہنے والا مسلح تصادم ایک میجر اور جموں وکشمیر پولیس کے ہیڈکانسٹیبل سمیت 5 سیکورٹی فورس اہلکاروں، تین جنگجوؤں اور ایک عام شہری کی ہلاکت پر ختم ہوگیا۔مسلح تصادم کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر، ایک آرمی بریگیڈیئر، ایک لیفٹیننٹ کرنل، ایک میجر اور ایک کیپٹن سمیت 8 سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے۔مہلوک فوجیوں کی شناخت میجر وبھوتی شنکر ڈونڈیال، حوالدار شیورام، سپاہی ہری سنگھ، سپاہی اجے کمار اور پولیس ہیڈ کانسٹیبل عبدالرشید کے طور پر ہوئی ہے۔ریاستی پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مہلوک جنگجوؤں کی شناخت اور وابستگی معلوم کی جارہی ہے۔مسلح تصادم کے دوران ڈی آئی جی جنوبی کشمیر امت کمار گولی لگنے سے زخمی ہوئے۔ ان کے علاوہ ایک آرمی بریگیڈیئر، ایک لیفٹیننٹ کرنل، ایک میجر اور ایک کیپٹن سمیت 7 فوجی اہلکار زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔تصادم کے دوران ابتدائی فائرنگ میں ایک عام شہری بھی جاں بحق ہوا۔ مذکورہ عام شہری کی شناخت 46 سالہ مشتاق احمد بٹ کے طور پر ہوئی ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مسلح تصادم کے حاشیہ پر مقامی لوگوں اور سیکورٹی فورسز کے درمیان معمولی نوعیت کی جھڑپیں بھی ہوئیں۔ تاہم معمول کے برخلاف آس پاس کے بیشتر دیہات میں لوگ اپنے گھروں تک ہی محدود رہے۔انتظامیہ نے احتیاطی طور پر جنوبی کشمیر کے سبھی چار اضلاع پلوامہ، اننت ناگ، شوپیاں اور کولگام میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع رکھی ہیں۔ جبکہ وسطی کشمیر کے سری نگر اور بڈگام اضلاع میں تیز رفتار والی فور جی اور تھری جی خدمات معطل رکھی گئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ فوج کی 55 راشٹریہ رائفلز (آر آر)، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور جموں وکشمیر پولیس کے اسپیشل آپریشن گروپ نے پلوامہ کے پنگلن میں جنگجوؤں کی موجودگی سے متعلق خفیہ اطلاع ملنے پر مذکورہ علاقہ میں گذشتہ رات دیر گئے کارڈن اینڈ سرچ آپریشن شروع کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مشتبہ جگہ کی جانب پیش قدمی کے دوران وہاں موجود جنگجوؤں نے سیکورٹی فورسز کو نشانہ بناکر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک میجر سمیت چار فوجی اہلکار جاں بحق ہوئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اس کے بعد طرفین کے درمیان باضابطہ طور پر مسلح تصادم شروع ہوا، اور کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والے اس مسلح تصادم میں تین جنگجو مارے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ مسلح تصادم کے مقام سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود اور دیگر قابل اعتراض مواد برآمد کیا گیاہے۔