زبردست مقابلہ میں ہندوستانی خواتین کی دو رن سے شکست

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-February-2019

ہملٹن، (یو این آئی) ہندوستان اور نیوزی لینڈ کےدرمیان اتوار کو ہملٹن کے سیڈون پارک میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری ٹی۔20 مقابلے میں نیوزی لینڈ کی خاتون ٹیم نے ہندوستان کو بے حد نزدیکی مقابلے میں دو رن سے شکست دے کر 0۔3 سے کلین سوئپ کیا۔نیوزی لینڈ کی جانب سے سلامی بلےباز صوفی ڈیوائند کے 72 رنوں کی طوفانی اننگ اور کپتان اے ایم سیٹ ورتھ ویٹ کی 31 رنوں کی اننگ کی بدولت میزبان نیوزی لینڈ کی ٹیم نے 20 اووروں میں سات وکٹ کھوکر 161 رن بنائے۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری ہندوستانی ٹیم کی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا نے زبردست اننگ کھیلتے ہوئے 86 رن بنائے لیکن ان کی یہ اننگ بھی ہندوستانی خاتون ٹیم کو جیت نہ دلاسکی۔ہندوستان کی طرف سے گیند باز دپتی شرما نے چار اوور میں 28 رن دے کر دو وکٹ لئے۔ ان کے علاوہ مانسی جوشی نے چار اوور میں 27 رن دےکر ایک وکٹ، اروندھتی ریڈی نے چار اوور میں 33 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ رادھا یادو نے چار اوور میں 35 رن دے کر ایک تو پونم یادو نے چار اوور میں 36 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔اس سے پہلے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ میزبان ٹیم کی دونوں سلامی بلے باز صوفی ڈیوائن اور سوجی بیٹس نے پہلے وکٹ کے لئے 46 رنوں کی بہترین ساجھیداری کی اور ٹیم کو اچھی شروعات دلائی۔ڈیوائن نے 52 گیندوں میں آٹھ چوکوں اور دو شاندار چھکوں کی مدد سے 72 رن بنائے تو وہیں بیٹس نے 18 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رن بنائے۔اس کے علاوہ کپتان ایم سیٹرتھ ویٹ نے 23 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 31 رن، ہنا رو نے 12 رن، کیٹ مارٹن نے آٹھ، لی تاہو پانچ رن بنائے جبکہ لیگ کیسپریک صفر پر آؤٹ ہوگئیں۔ہندوستان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر شروعات اچھی نہیں رہی۔ سلامی بلے باز پریا پونیا کو صرف ایک رن کے اسکور پر کیسپیریک نے وکٹ کے پیچھے مارٹن کے ہاتھوں اسٹمپ کروادیا۔ اس کے بعد اسماتی مندھانا اور جیمی ماہ راڈگس نے اچھی ساجھیداری کرتے ہوئے ہندوستان کی میچ میں واپسی کی کوشش کی لیکن راڈگس ڈیوائن کی گیند پر سیٹرتھ ویٹ کو کیچ تھما بیٹھیں۔ انہوںنے اپنی اننگ میں 17 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 21 رن بنائے۔ جہاں ایک طرف مندھانا دھواں دھار اننگ کھیل رہی تھیں تو وہیں دوسری طرف سے ہندوستانی بلے بازی لڑکھڑارہی تھی۔کپتان ہرمن پریت کور اپنا فلاپ مظاہرہ جاری رکھتے ہوئے دو رن کے اسکور پر پویلین چلی گئیں۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد مندھانا کی طوفانی اننگ پر ڈیوائن نے بریک لگادی اور وہ 62 گیندوں میں 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 86 رن بناکرآؤٹ ہوگئیں۔ انکے علاوہ تجربہ کھلاڑی متالی راج نے ناٹ آؤٹ 20 گیندوں میں تین چوکوں کی مدد سے 24 رن اور دپتی شرما نے ناٹ آؤٹ 16 گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے 21 رن بنائے۔ ہندوستان کو آخری اوور میں جیت کے لے 16 رنوں کی ضرورت تھی لیکن ہندوستانی ٹیم چھ گیندوں میں 13 رن ہی بناسکی اور معینہ اوور میں چار وکٹ کے نقصان پر 159 رن ہی بناپائی۔نیوزی لینڈ کی طرف سے صوفی ڈیوائن نے چار اوور میں 21 رن دے کر دو وکٹ جھٹکے۔