سائنس اولمپیاڈمیں کامیاب الحراء شریف کالونی کے طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-February-2019

پٹنہ،(پریس ریلیز)مسلسل محنت، لگن اور جانفشانی کے ذریعہ طلبہ وطالبات اپنے کلاس اور اسکول کے علاوہ پوری ریاست اور ملک میں اپنی منفرد شناخت بناتے ہیں۔ نصابی کتابوں کے مطالعہ کے ساتھ ہم نصابی و دیگرتعلیمی سرگرمیوں اور مختلف سمینار ، بحث ومباحثہ اور اس طرح کی دیگر سرگرمیوں اور مسابقوںمیں شرکت کرتے رہنے سے بچوں کے نہ صرف علمی لیاقتوں میں اضافہ ہوتا ہے اوران کی مختلف صلاحتیں پروان چڑھتی ہیں بلکہ ان میں خود اعتمادی اور اعلیٰ حوصلگی بھی پیدا ہوتی ہے۔ جس کی بنیاد پر بچے کامیابی و کامرانی کے منازل طے کرتے ہیں۔انہی حقائق کو پیش نظر رکھتے ہوئے الحرا پبلک اسکول ، شریف کالونی اپنے طلبہ وطالبات کو مستقل مسابقہ جاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے لیے تحریک و ترغیب دیتا ہے۔ اسی کے ساتھ ان کو ہر طرح کی علمی معاونت بھی فراہم کرتاہے اورمتعلقہ مسابقہ میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات کو اسکول اپنی سطح سے حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے تاکہ دوسرے بچوں کے اندرمسابقوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی رغبت پیدا ہو۔واضح ہوکہ گزشتہ ماہ ملک گیر سطح پرسائنس اولمپیاڈ فاؤنڈیشن نے جو کمپٹیشن منعقد کیا تھا اس میں الحرا پبلک اسکول شریف کالونی پٹنہ کے طلبہ وطالبات نے بھی سائنس اور میتھ (Science & Math)میںحصہ لیا تھا جس میںمجموعی طورپر 21 طلبہ وطالبات کی پوزیشن آئی تھی۔ ان میں اسکول اور کلاس کے علاوہ زونل سطح پر بھی الحرا اسکول کے کامیاب طلبہ وطالبات شامل ہیں۔ چنانچہ آج مؤرخہ14؍فروری کی خصوصی اسمبلی میں ایسے ہی طلبہ وطالبات کی اسکول انتظامیہ کی جانب سے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے اولمپیاڈ سے موصولہ گولڈ، سلور اور براؤنز میڈل مختلف اساتذہ کے ہاتھوں کامیاب طلبہ میں تقسیم کیے گئے اور اولمپیاڈ کے ذریعہ دیے گئے سرٹیفکیٹ سے بھی نوازا گیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل جناب اکرام اللہ نے کامیاب طلبہ وطالبات کی حوصلہ افزائی اور اپنی نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے انہیں مبارکباد بھی پیش کیے۔ نیز تمام بچوں کو ترغیب دی کہ وہ اس طرح کے مسابقے میں شامل ہوکر نہ صرف اسکول اور اپنی ریاست بلکہ اس ملک کا نام روشن کریں اور وہ ایک مثالی شخصیت کے حامل بنیں۔آج کی اسمبلی میں یہ میڈلز ان طلبہ وطالبات کو دیے گئے جنہوں نے اپنے کلاس میں ٹاپ کیا تھا۔ سائنس اولمپیاڈ فاؤنڈیشن گولڈ میڈل حاصل کرنے والوں میں عطیہ راحت، نائلہ طارق، منتشا فیروز، انیسہ مریم، محمد فہد حسین، سعدیہ فاطمہ، انتخاب روشن خان، ناعمہ اقبال، کاشف عالم، بشریٰ فردوس کے نام شامل ہیں۔جب کہ دیگر کامیاب طلبہ و طالبات کو سلور اور براؤنز کے میڈل دیے گئے۔اسکول کے ڈائرکٹر محمد انور نے تمام کامیاب بچے اور بچیوں کو مبارک باد دی اور اس کے شاندار مستقبل کی دعا کی۔