سی سی آئی نے عمران کی تصویر ڈھکی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-February-2019

ممبئی، (یو این آئی ) کرکٹ کلب آف انڈیا سی سی آئی نے پلوامہ میں سی آر پی ایف جوانوں پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ کی مخالفت کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم اور سابق کرکٹ کپتان عمران خان کی سی سی آئی میں لگی ایک تصویر کو مکمل طور ڈھک دیا ہے۔سی سی آئی کے صدر پریمل اڈاني نے عمران کی تصویر ڈھکے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ عمران کی تصویر ڈھکے جانے کا فیصلہ جمعہ کو ہی لے لیا گیا تھا۔جموں و کشمیر کے پلوامہ ضلع میں جمعرات کو مرکزی ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے قافلے پر ہوئے فدائین حملے میں سی آر پی ایف کے 40 سے زیادہ جوان شہید ہو گئے تھے۔کرکٹ کا گڑھ مانا جانے والا سی سی آئی ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی ایک ملحق یونٹ ہے جس کے تحت ممتاز برابورن اسٹیڈیم ہے۔ سی سی آئی کے ریستوران سمیت اس کے پورے احاطے میں دنیا کے بڑے کرکٹروں کی تصاویر لگی ہوئی ہیں۔سی سی آئی کے احاطے میں لگی کرکٹروں کی تصاویر میں دنیا کے تمام ممالک کے کرکٹر شامل ہیں۔ سی سی آئی کے احاطے میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کی ایک تصویر بھی لگی ہوئی ہے جن کی قیادت میں پاکستان نے 1992 کا عالمی کپ جیتا تھا۔ غور طلب ہے کہ عمران خان برابورن اسٹیڈیم میں ہندستان کے خلاف دو ٹیسٹ اور ایک ون ڈے میچ کھیل چکے ہیں۔