شراب کا قہر: پورے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرائی جائے: مایاوتی

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-February-2019

لکھنؤ: (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) حکومتوں پر غریب اور محنت کش سماج کا استحصال کرنے کا الزام لگاتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے اترپردیش اور اتراکھنڈ میں زہریلی شراب سے ہونے والی اموات کے معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔محترمہ مایاوتی نے اتوار کو جاری ایک بیان میں کہا کہ غیر قانونی طریقے سے تیار ہونی والی شراب کا کاروباراترپردیش میں ایک سنگین مسئلہ ہے جس کا شکار غریب اور یومیہ کام کرنے والے مزدور ہوتے ہیں۔ سہارنپور اور کشی نگر میں شراب کی وجہ سے ہونے والی اموات صاف اشارہ کرتی ہیں کہ اس حساس مسئلے سے نپٹنے میں بھی بی جے پی حکومت ناکام رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اترپردیش اور اتراکھنڈر میں زہرلی شراب کی وجہ سے سو سے زیادہ لوگوں کی جانی گئی ہیں۔ اس معاملے کی جانچ سی بی آئی سے کرانی ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی دونوں ہی ریاستوں کے آبکاری وزیر کو ان کے عہدے سے فورا ہٹا کر اس محکمے کا قلمدان وزراء اعلی کو اپنے پاس رکھنے کی ضرورت ہے۔بی ایس پی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی حکومت اتنے بڑے معاملے میں صرف چند ملازمین کو معطل کر کے اپنی ذمہ داری سے عہد برآ ہونی چاہتی ہے جو نہایت ہی گھناونا اورشرمناک ہے۔ اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ دونوں ریاستوں کی حکومتوں کو اتنے سنگین معاملے میں سخت سے سخت قدم اٹھانے چاہئے تھے۔