شہید جوانوں کے والدین کو ہر ماہ 10-10 ہزار پنشن:کیپٹن

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 18-February-2019

چنڈی گڑھ (ایجنسی): پنجاب کے وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے جموں وکشمیر کے پلوامہ میں دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے پنجاب کے 4 جوانوں کے خاندان والوں کو ہرایک ماہ 10 ہزار روپئے کی پنشن دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ یہ پنشن شہید جوانوں کے والدین کو تاحیات دی جائے گی۔ اس سے پہلے پنجاب حکومت نے شہید جوانوں کے خاندانوں کو 12-12 لاکھروپئے امدادی رقم دینے کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے اتوار کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے شہید جوانوں کے خاندانوں کو 12-12 لاکھ روپئے کی مدد دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید جوانوں کے بچے اتنے بڑے نہیں ہیں کہ ان کو سرکاری نوکری دی جاسکے۔ اس کے علاوہ ان کے والدین کو تاحیات 10-10 ہزار روپئے کی پنشن بھی دینے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ نے گائوں کے اسکول اور گائوں کو آنند پور صاحب سے جوڑنے والی سڑک کا نام شہید کلوندر سنگھ کے نام پر کرنے کابھی اعلان کیا۔