لاپروائی برتنے والوں پر ہوگا ایف آئی آر:ڈی ایم

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 12-February-2019

دربھنگہ، (عبدالمتین قاسمی ) ضلع مجسٹریٹ تیاگ رنجن ایس ایم کی صدارت میں لوہیا سوچھ بہار مہم ، وزیر اعظم رہائش منصوبہ اور منریگا منصوبہ سے متعلق جائزہ میٹنگ ہوئی ۔کلکٹریٹ کانفرنس ہال میں منعقد میٹنگ میں ضلع مجسٹریٹ نے بیت الخلاء تعمیرمنصوبہ میں فوری طور پر ادائیگی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ادائیگی میں جس سطح پر لاپرواہی ہوگی، متعلقہ افسران اور ملازمین پر کاروائی ہوگی اور انہیں برخواست بھی کیا جاسکتا ہے ۔ سرکاری منصوبہ کے نفاذ میں رخنہ ڈالنے والے یا لاپرواہی برتنے والو ںمیں ایف آئی آر بھی ہوگا ۔ اس ضمن میں تار ڈیہہ بلاک کے بلاک سوچھتا کو آرڈینٹر کی غیر حاضری پر ایک دن کی تنخواہ کاٹتے ہوئے وضاحت طلب کرنے کا حکم دیا ۔ بیت الخلاء تعمیر میں سست رفتاری دیکھ منی گاچھی ، کوشیشور استھان اور کیرت پور کے بلاک ترقیاتی افسر ان اوربلاک سوچھتا کو آرڈینٹر کی تنخواہ پر روگ لگانے اور وضاحت طلب کرنے کاحکم دیا اور کہا کہ اگلے مرحلہ میں بلاک کو آرڈینٹر کا ٹھیکہ رد کرنے پر بھی غور کیا جائے گا ۔ ضلع مجسٹریٹ نے کہا کہ بیت الخلاء تعمیر کیلئے خاتون اور بچوں کو بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ وزیر اعظم رہائش منصوبہ کے پہلی اور دوسری قسط کی سب سے زیادہ زیر التوا معاملوں کے جائزہ کے دوران ڈی ایم نے بی ڈ ی او کوشیشور استھان پوربی اور بیرول کو ادائیگی میں تیزی لانے کا حکم دیا ۔ ضلع مجسٹریٹ نے بتایا کہ مشن ’ جل سن رکشن ‘ کے نام سے دربھنگہ میں آبی بحران سے نپٹنے کیلئے منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔ منریگا کے تحت تقریبا نو لاکھ کے ماڈل پروجیکٹ کی بنیاد پرہر بلاک میں دو چیک ڈیم بنایا جائے گا ۔ ہر بلاک میں دو بڑے تالاب کی کھودائی اور دو نہروں کی کھودائی کاکام کیاجائے گا۔ بیٹھک میں ڈی ڈی سی ڈاکٹر کاری پرساد مہتو ،ڈی آرڈی اے ڈائرکٹر وسیم احمد ، نریگا افسران وغیرہ موجود تھے ۔