لکھنؤ سے نجف کیلئے فضائی سروس کا افتتاح

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-February-2019

لکھنؤ،(ہ س)۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے جمعرات کو لکھنؤ سے عراق کے شہر نجف تک فضائی سروس کا افتتاح اموسی ایئرپورٹ سے کیا۔ ابھی لکھنؤ سے نجف تک براہ راست پرواز مل سکے گی۔ وزیر داخلہ نے نجف جانے کے لئے پہلا بورڈنگ پاس سید ظفر اصغر رضوی کو دیا۔ نجف شیعوں کا ایک مذہبی مقام ہے جو عراق میں واقع ہے۔ یہاں حضرت علی ؐکا روضہ مبارک ہے۔ ساتھ ہی نجف سے زائرین کربلا اورکوفہ کی زیارت کرنے جاتے ہیں۔اس موقع پر مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ لکھنؤ عالمی شہر بنے۔ انہوں نے کہا کہ میں انتخابات جیتوں یا ہاروں فرق نہیں پڑتا۔ میں صرف انسانیت کی خدمت کرنا چاہتا ہوں۔ میں وعدہ نہیں کرتا۔ لیڈروں نے جتنے وعدے کئے اس کا تھوڑا سا بھی کام ہو گیا ہوتا تو بھارت آج دنیا میں نمبر ون ہوتا۔پروگرام میں موجود مولانا آغا روحی نے کہا کہ 2004 میں عمار رضوی نے سب سے پہلے نجف تک براہ راست پرواز کے لئے مرکزی حکومت کو خط لکھا تھا، لیکن اس وقت کے ہوابازی کے وزیر اجیت سنگھ نے اس پر توجہ ہی نہیں دی۔ پروگرام میں قومی اقلیتی کمیشن کے چیئرمین غیور الحسن رضوی بھی موجود رہے۔