مفتی سہیل احمد قاسمی کی قیادت میں مجلس علماء کے وفد کا پچھم پوری جھگیوں کا دورہ

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-February-2019

نئی دہلی (شمیم احمد)دہلی ایک بارپھرآگ کی زدمیں ہے۔دوسرے دن بھی راجدھانی میں بھیانک آگ لگنے کا دوسرا بڑا واقعہ سامنے آیاہے۔ آگ پچھم پوری علاقے میں بدھ کی رات ایک جھگی بستی میں لگ گئی۔اس بھیانک آگ کی زدمیں آنے سے قریب 250جھگیاں جل کرخاک ہوگئیں۔مجلس علماء دہلی کے صدر مولانا مفتی سہیل احمد قاسمی کی قیادت میں ایک وفد نے حالات کا جا ئزہ لیا ان کے ساتھ مولانا ارشاد قاسمی بھی تھے ۔انہوں نے بتایا کہ اس آگ میں کئی لوگ جھلس گئے ہیں۔لیکن اب تک یہ صاف نہیں ہے کہ ان کی تعدادکتنی ہے۔حادثہ شہید بھگت سنگھ کیمپ پچھم پوری کے جھگیوں کے پاکیٹ اے شمسان گھاٹ کے نزد کاہے۔مفتی سہیل احمد قاسمی نے بتایا کہ وہاں پر مقامی کانگریسی کارکنان راحت کے کاموں میں لگے ہوئے ہیں اور فوری طور پر انہوں نے کمبل اور کھانے پینے کا انتظام کررکھا ہے ۔دہلی سرکارکی جانب سے پچیس ہزار روپے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کسی کو ملا نہیں ہے ۔اس کے علاوہ دہلی سرکار نے کیمپ کا انتظام کردیا ہے جس میں متاثرین قیام کئے ہوئے ہیں۔انہوں نے کانگریسی ممبران حاجی محمود خان ،محمد اسلام یوگیش ،چمن لال ،کشن جی اور گوری شنکر شرما سے ملاقات کی اور ان کے کاموں کو دیکھتے ہوئے حوصلہ افزائی کی ہے ۔مجلس علماء اپنے جائزہ رپورٹ کی بنیاد پر راحت پہنچانے کا کام کرے گی۔