پرینکاگاندھی کا لکھنؤ میں روڈ شوآج

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 11-February-2019

امیٹھی،(ایجنسی): کانگریس کی قومی جنرل سکریٹری اور مشرقی اتر پردیش کا چارج سنبھالنے کے بعد 11 فروری پیر کو پرینکا گاندھی راجدھانی لکھنؤ پہنچ رہی ہیں، جہاں وہ کانگریس صدر اور امیٹھی سے ممبرپارلیمنٹ راہل گاندھی کے ساتھ روڈ شو کر کے بی جے پی سمیت اپوزیشن کو اپنی طاقت کا احساس بھی کرائیں گی۔ اس دوران پرینکا گاندھی کے پروگرام میں امیٹھی سے ہزاروں کی بھیڑ جمع ہونے کا امکان ہے، جس کے لئے خاکہ تیارکیا گیا ہے۔ امیٹھی کانگریس کے ترجمان انل سنگھ نے بتایا کہ پرینکا گاندھی کی لکھنؤ آمد پر کانگریس صدر راہل گاندھی کے نمائندے چندر کانت دوبے اور امیٹھی ضلع کانگریس کمیٹی کے صدر یوگیندر مشرا نے سبھی اسمبلی انچارج اور سینئر لیڈروں کے ساتھ ملاقات کرکے پرینکا گاندھی کے پروگرام کا خاکہ تیار کیا۔ امیٹھی کے لوگوں میں پرینکا کی آمد سے کا فی جوش ہے۔ یہاں کے لوگوں کا خیال ہے کہ آئندہ 2019 لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کو زبردست کامیابی حاصل ہو گی اور ملک میں کانگریس کی حکومت بنے گی۔ ان کا کہنا ہے کہ راہل گاندھی وزیر اعظم بن کر ملک کو سنہری راہ پر لے جائیں گے۔