پلوامہ حملہ پرویٹ اینڈ واچ کی پالیسی کب تک

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-February-2019

لکھنؤ: (یواین آئی) سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ و سابق وزیر اعلی اکھلیش یادو نے پلوامہ حملے کے معاملے میں حکومت کی’’انتظار کرو اور دیکھو‘‘ کی پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس حکومت میں انتہا پسند روزانہ ہمارے جوانوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔سابق وزیر اعلی نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا’’ کب تک ہم تین روزہ غم میں توسیع کرتے رہیں گے، روزانہ ہمیں ہمارے جوانوں کی شہادت کی خبریں موصول ہوتی ہیں جبکہ بی جے پی کے سیاست داں مسکراتے چہروں کے ساتھ آخری روسومات کی ادائیگی میں شامل ہوتے ہیں، آخر حکومت ہاتھ پر ہاتھ رکھے کس بات کی منتظر ہے‘‘ایس پی سربراہ نے اپنے ٹوئٹر پر اس نیوز رپورٹ کو بھی ٹیگ کیا ہے جس میں ایک میجر سمیت چار جوانوں کے جاں بحق ہونے کا تذکرہ ہے۔ اکھلیش وقتا فوقتا نریندر مودی کی سربراہی والی مرکزی حکومت کی پالیسوں کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں۔ ایس پی لیڈر نے اتوار کو بھی دہلی۔وارانسی وندے بھارت ایکسپریس کے حوالے سے بھی بی جے پی حکومت پر حملے کے لئے ٹوئٹر کا سہارا لیا تھا۔