پلوامہ میںدہشت گردانہ حملہ‘40جوان شہید

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 15-February-2019

سری نگر، (جاویداحمد) جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ کے لیتہ پورہ میں سری نگر جموں قومی شاہراہ پر جمعرات کو ایک خودکش آئی ای ڈی دھماکے میں کم از کم 40سی آر پی ایف اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو درجن زخمی ہوگئے۔ جنگجوؤں کی جانب سے یہ تباہ کن خودکش دھماکہ ایک کار کے ذریعے کیا گیا۔پاکستانی جنگجو تنظیم جیش محمد نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔ جیش محمد نے ایک مقامی خبررساں ایجنسی جی این ایس کو بھیجے گئے بیان میں خودکش حملہ آور کی شناخت عادل احمد ڈار عرف وقاص کمانڈو ساکنہ گنڈی باغ کاکہ پورہ پلوامہ کے بطور کرلی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں سی آر پی ایف کی درجنوں گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ حملے میں کم از کم 40سی آر پی ایف اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو درجن زخمی ہوئے۔ انہوں نے بتایا ‘سی آر پی ایف گاڑیوں کا ایک قافلہ جموں سے سری نگر کی جانب رواں دواں تھا کہ سہ پہر قریب ساڑھے تین بجے خودکش حملہ آور نے اپنی کار ایک بس کے ساتھ ٹکرادی۔انہوں نے بتایا ‘کار کے بس کے ساتھ ٹکر لگنے کے ساتھ ہی ایک زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک بس پوری طرح سے تباہ ہوگئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ دیگر گاڑیوں میں سوار سی آر پی ایف اہلکاروں، روڑ اوپننگ پارٹیز اور مقامی پولیس نے فوری طور پر بچاؤ کاروائیاں شروع کرکے زخمیوں کو سری نگر کی فوجی چھاونی میں واقع 92 بیس آرمی اسپتال منتقل کیا۔یہ وادی میں اب تک کا سب سے بڑاحملہ ہے ۔جس سے پورے ملک میںغم وغصے کی لہر دوڑ گئی ہے۔ وزیراعظم نریندرمودی نے دہشت گردانہ حملے میں جوانوں کی شہادت پرگہرے صدمے کااظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ شہیدوں کاخون رائیگاں نہیں جائے گا۔جموںوکشمیر کے سابق وزرائے اعلیٰ عمر عبداللہ اور محبوبہ مفتی نے بھی سی آر پی ایف پر حملے کی شدید مذمت کی ہے ۔ مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ جموں کشمیر کے اونتی پورہ میں دہشت گردانہ حملہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے جمعہ کو سری نگر کا دورہ کرسکتے ہیں۔۔ مسٹر سنگھ نے اس حملے کی اطلاع ملنے کے فورا بعد سی آر پی ایف کے ڈائریکٹر جنرل آر آر بھٹناگر سے بات چیت کی۔ انہوں نے جموں کشمیر کے گورنر ستیہ پال ملک سے بھی اس سلسلے میں بات کی ہے۔وزیر داخلہ نے حملے کے پیش نظر اپنا طے شدہ بہار کا دورہ منسوخ کردیا ہے۔