چھتیس گڑھ میں مارچ سے بجلی بل آدھاہوگا:بھوپیش

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 19-February-2019

رائے پور،(یو این آئی) چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ آئندہ یکم مارچ سے ریاست میں بی پی ایل اور گھریلو گاہکوں کا 400 یونٹ تک کا بجلی بل نصف آئے گا۔ مسٹر بگھیل نے آج اسمبلی میں وقفہ سوال کے دوران اپوزیشن لیڈر دھرم کوشک کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ 400 یونٹ تک بجلی بل نصف کرنے کا فیصلہ یکم مارچ سے نافذہو جائے گا۔ اپریل کے مہینے کی جو بلنگ ہوگی اس میں یہ تخفیف شامل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے 47 لاکھ گاہک مستفیض ہوں گے۔ انہوں نے بی جے پی کے رکن کوشک کے کسانوں کے بل میں کمی کے بارے میں پوچھے گئے اضافی سوال کےجواب میں کہا کہ اپوزیشن میں رہتے ہوئے کانگریس کے ارکان کے دباؤ میں کسانوں کو ایک پمپ پر 100 روپیے ہارس پاور دوسرے پمپ پر 200 اور تیسرے پمپ پر 300 روپیے کا فلیٹ ریٹ جو سابقہ حکومت نے نافذ کیا تھا، وہ اب بھی جاری ہے۔ مسٹر بگھیل کے جواب سے غیر مطمئن ہوکر کوشک اور دوسرے بی جے پی کے ارکان نے حکومت پر کسانوں کے بل میں کمی کا وعدہ پورا نہ کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے واک آؤٹ کیا۔