کانگریس برسراقتدار آئی تو آسان ٹیکس نظام ہوگا: راہل

Taasir Urdu News Network | Uploaded on 17-February-2019

جگدل پور،(یو این آئی) کانگریس کے صدر راہل گاندھی نے آج چھتیس گڑھ کے بستر سے بی جے پی حکومت کو جم کر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ کانگریس اگر مرکز میں برسر اقتدارآئی تو پانچ مختلف طرح کے مصنوعات اور خدمات ٹیکس (جی ایس ٹی) کی جگہ یکساں آسان ٹیکس نظام نافذ کرے گی۔ مسٹر گاندھی آج ضلع بستر کے لوہنڈی گڑا وکاس کھنڈ کے دھورا گاؤں میں منعقد ریلی میں شریک ہوئے۔ انہوں نے یہاں ٹاٹا اسٹیل کے لیے چار ہزار 359 ایکڑ زمین تحویل میں لیے جانے سے متاثر1707 کسانوں میں پٹہ کے دستاویز تقسیم کیے۔اس دوران انہوں نے مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی سابقہ ڈاکٹر رمن سنگھ کی حکومت پر جم کر تنقید کی۔ مسٹرگاندھی نےقبائلیوں سے کہا کہ سابقہ حکومت 1500،1600 روپیے فی کوئنٹل دھان خریدتی تھی لیکن کانگریس برسراقتدارآئی تو 2500 روپیے فی کوئنٹل خریدا جا رہا ہے۔ انہوں نے ڈاکٹر رمن حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومت کہتی تھی کہ کسانوں کو دینے کے لیے پیسے نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت کے پاس پیسے کی کمی نہیں تھی لیکن وہ کسانوں کے پیسے اپنے 15 دوستوں کے جیب میں ڈالتے تھے۔ پارٹی کے صدر نے یقین دہانی کرائی کہ جب بھی تحویل اراضی کی جائے گی، کسانوں سے پوچھا جائے گا۔ انہوں نے اس دوران پانچ مختلف طرح کے جی ایس ٹی کی جگہ ایک جی ایس ٹی کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے قرض معافی کے سلسلے میں سابقہ رمن حکومت اور مرکز ی حکومت پر رسخت حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے چوروں کا قرض معاف کیا اور کانگریس نے کسانوں کا قرض معاف کیا۔ مسٹر گاندھی نے کہا کہ بستر سے ان کے اہل خانہ کا پرانا رشتہ ہے۔ گاندھی خاندان ہمیشہ سے قبائلیوں کے ساتھ رہا ہے۔ بستر سے دہلی آنے والوں کی ہرممکن مدد کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی یہ پہلی ریاست ہے، جس نے کسانوں کی زمین انھیں واپس کی ۔ زمین، پانی اور جنگلات پر قبائیلیوں کا حق ہے۔مسٹر گاندھی کے اس پروگرام کی شروعات پلوامہ کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ہوئی۔ اس دوران دو منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔پروگرام کے دوران وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ زمین واپس کرنے کے لیے کابینہ نے یہ تاریخی فیصلہ کیا ہے۔ اس طرح کی کاروائی کرنے والا چھتیس گڑھ ملک کا پہلا صوبہ ہے۔ کسانوں کا قرض معاف کر دیا گیا۔ اب حکومت قبائلیوں سے جنگلی پیداوار خریدے گی اور ان کے کے لیے چھوٹی صنعت بھی قائم کرے گی۔وزیر صحت ٹی ایس سنگھ دیو نے کہا کہ حکومت ریاست کے عوام کے لیے کام کررہی ہے۔ بستر میں کسانوں اور جنگلات میں رہنے والوں کے لیے منصوبہ بند طریقے سے کام کر رہی ہے۔پارٹی کے ریاستی انچارج پی ایل پنیا نے کہا کہ مسٹر گاندھی نے جوفیصلے کیے تھے انھیں پورا کیا جا رہا ہے۔